وزیراعظم اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی سی پی این ای کے سالانہ انتخابات میں نومنتخب عہدیداروں کو مبارک


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف  نے  کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے سالانہ انتخابات میں نومنتخب عہدیداروں کو مبارک دی ہے اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعظم نے صدر کاظم خان، سینئر نائب صدر ایاز خان، سیکرٹری جنرل عامر محمود سمیت سی پی این ای کے تمام نو منتخب عہدیداروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافت اور اظہار رائے کی آزادی جمہوریت کی مضبوطی کا ایک ناگزیر آئینی تقاضا ہے،

انہوں نے کہاکہ اتحادی حکومت میڈیا اور اظہار رائے کی آزادی کا نہ صرف تحفظ کرنے میں یقین رکھتی بلکہ اس کے فروغ کے لئے اقدامات کر رہی ہے،وزیراعظم نے کہاکہ  سی پی این ای ایک اہم صحافتی تنظیم ہے، سی پی این ای کے ساتھ مل کر پاکستان میں صحافت اور اظہار رائے کی آزادیوں کے فروغ کے لئے کام کریں گے،

انہوں نے دعا کی کہ   نومنتخب باڈی صحافیوں اور صحافت کی خدمت کی زمہ داری میں سرخرو ہو، اس مقصد میں انہیں ہمارا بھرپور تعاون حاصل رہے گا،علاو ہ ازیں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے بھی  سی پی این ای کے نو منتخب صدر کاظم خان اور عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سی پی این ای نے ہمیشہ ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دیا ہے ۔