حکومت آزاد،شفاف انتخابات کا انعقاد نہیں چاہتی ہے،شبلی فراز


اسلام آباد(صباح نیوز)تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت آزاد اور شفاف انتخابات کا انعقاد نہیں چاہتی۔

پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین کو مسترد کرنا غلط ہوگا اور موجودہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم رکھناچاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد اور شفاف انتخابات کا انعقاد نہیں چاہتی  اوراس ہی لئے انہوں نے الیکٹرونک ووٹنگ مشین کوختم کرنے کا بل منظور کیا۔

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ لانگ مارچ کے دوران پولیس سے دہشت گردی کرائی گئی اور پرامن احتجاج پر تشدد کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے کیسز کو ختم کرناچاہتی ہے اور اس پر قوم فیصلہ کرے گی کیونکہ احتساب کے عمل کوسبوتاژ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ اسمبلی آدھی ہے اور اس میں قومی پارٹی شامل نہیں۔