عمران خان کے فتنے کو روکنے کیلئے حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری کی خواجہ محمد سعد رفیق


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ریلوے و ہوابازی  خواجہ محمد سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران مکارانتشارپھیلا کربھاگ گیا۔ فتنے کو روکنے کیلئے حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری کی۔ اب حصول انصاف کے لئے نظریں ریاست کے اہم ترین ستون پرہیں ۔قوم دیکھ ر ہی ہے کہ عدالتی احکامات کا ناجائز فائدہ اٹھاکر تخریب کاری کرنیوالوں اوران کے سرغنہ سے کیاسلوک ہوتا ہے۔ سنا تھاانصاف اندھا ہوتاہے۔

ان خیالات کااظہار خواجہ سعد رفیق نے جمعرات کے روز سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم نے جو کرنا ہے وہ انشائاللہ ضرورکریں گے، مگرسرکاری وعوامی املاک تباہ کرنے ، دارالحکومت میں آتشزدگی توڑ پھوڑاورغنڈہ گردی کا حساب لازم ہے۔ ریاست انا پرست انتہاپسندجنونیوں کی سازشوں کی بھینٹ چڑھ سکتی ہے نہ انصاف کا خون بہنے دیاجا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین وقانون کسی کے ہاتھ کی چھڑی نہیں بن سکتے۔ان کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں گن پوائنٹ پرتحلیل نہیںہونگی، مخلوط حکومت پردھاوے کی سازش کرنیوالافسادی اوراس کے سہولت کارمسنداقتدارتک پہنچنے کی بجائے صرف ایندھن بنیں گے، نازک ترین معاشی حالات میں وفاقی حکومت پردھاوے نے ملکی سلامتی کے لئے خطرات پیداکر دیے ہیں۔ آئی ایم ایف نگرانوں سے معاملہ نہیں کریگا،

انہوں نے کہا کہ ہرقیمت پراقتدار میں رھنے کی ناپاک شیطانی عمرانی خواہش ریاست کواغیار کی معاشی غلامی کا طوق پہنا دے گی۔ حکومت کومفلوج کرنا انصاف کا خون ہے، جتھوں کا عفریت باری باری سب کوڈسے گا۔