سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے 10ارب31کروڑ روپے کے ناجائز اثاثے بنائے ہیں،عطاء اللہ تارڑ ایڈووکیٹ


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما عطاء اللہ تارڑ ایڈووکیٹ نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے 10ارب31کروڑ روپے کے ناجائز اثاثے بنائے ہیں ۔ عثمان بزدار اوران کے ساتھ جتنے لوگ کرپشن میں ملوث تھے ان کے خلاف پنجاب اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ میں درخواست دائر کرنے جارہے ہیں۔ عثمان بزدار نے صرف تونسہ میں وزیر اعلیٰ بننے کے بعد 27کروڑ روپے کے اثاثے بنائے ۔ عثمان بزدار کا ملتان میں چار ایکڑ پر محیط سپینش ولا 70کروڑ روپے مالیت کا ہے۔ تونسہ کے قریب مرگوٹا روڈ پر 5500کنال اراضی پانچ ارب روپے میں خریدی۔ فرح گوگی بنی گالہ کے زریعہ پنجاب پر حکومت کرتی رہی۔ عثمان بزدار نے یہ سب عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ایما پر کیا۔وزارت داخلہ نے فرح گوگی کو واپس پاکستان لانے کے حوالہ سے اقدامات شروع کردیئے ہیں اور مجھے امید ہے اگر وہ خود نہیں تووزارت داخلہ انہیں واپس لانے میں کامیاب ہو جائے گی۔ میں ایک، دو دن میں ایک اور پریس کانفرنس کروں گااوراس میں میانوالی کے حوالہ سے کچھ معاملات ہیں ان کو سامنے لائوں گا۔

ان خیالات کااظہار عطاء اللہ تارڑ نے  نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عطاء اللہ تارڑ کا کہان تھا کہ فرح گوگی اور ان کے خاوند احسن جمیل گجر کو عمران خان نے باہر راہ فراراختیار کرنے کا کہا لیکن عثمان بزدار باہر بھاگ نہیں سکا۔رہنما مسلم لیگ (ن)نے کہا کہ سال 2019 میں ایمنسٹی کے ذریعے بلیک منی کو وائٹ کروایا گیا، ایمنیسٹی اسکیم فرح گوگی اور ان کے خاوند کے لیے تھی، ایمنیسٹی اسکیم کے ذریعے فرح گوگی کی کرپشن چھپانی تھی۔فرح گوگی نے چھ ارب ہرجانے کا نوٹس مجھے بھیجا ہے، وہ پاکستان آجائیں میں ان کا سامنا کرنے کو تیار ہوں ، آمنے سامنے بیٹھتے ہیں ، میں عدالت میں ثبوت بھی پیش کروں گا۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ عثمان بزدار کے غیر قانونی اور آمدن سے زائد 10ارب روپے کے اثاثوں کی مکمل تحقیقات اور چھان بین کی جائے گی اور دیکھا جائے گا کہ ایک شخص جس کے گھر میں بجلی نہیں تھی اور جس کے اثاثے چند کروڑ روپے کے تھے وہ آج 10ارب روپے کا مالک بنا بیٹھا ہے وہ کون سا کاروبار تھا جس کے تحت یہ ہوا، یہ غریب عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالنے سے ہوا، یہ اس ملک کے وسائل لوٹ کر اس ملک کی بنیادیں کھوکھلا کرنے سے ہوا۔ عثمان خان بزدار تیاری کر لیں ہم نے تمام کاغذی کاروائی مکمل کر لی ہے اورآپ نے جو قوم کی ایک ، ایک پائی لوٹی ہے اس کا حسا ب لیں گے۔ ایک شخص چھوٹے سے گھر سے کر جس کے چند کروڑ کے اثاثے ہیں وہ10ارب کے اثاچے بنا لیتا ہے ایسا پاکستان کی تایخ میں نہیں ہوا، پاکستان کی74سالہ تاریخ میںاس طرح کے کیسز میں نے نہیں دیکھے، اس کا سامنا کرنا پڑے گا اور جواب بھی دینا ہو گا اور جب عدالتوں میں جائیں گے تو لگ پتا جائے گا۔

ایک سوال پر عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے عمران خان نے اپنے موبائل فون خود ہی چوری کروالئے ہوں ، جو شخص اپنے موبائل کا دھیان نہیں رکھ سکتا اس نے ملک کا جو حشر کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے اس نے اپنا دھیان کیا رکھنا ہے ، اس میں حکومت کا کوئی تعلق نہیں اور نہ کوئی سازش ہے ، عمران خان کو چیزیں چوری کروا کر دوسروں پر الزام لگانے کی عادت ہے ، تمام چیزوں کا جواب دینا ہو گا اور عمران خان کوچاہیئے اپنے موبائل فوج دھیان سے رکھا کریں۔عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان اقتدار سے نکلنے کے بعد پارسائی کے دعوے کر رہے ہیں، عمران خان ایسا تاثر دے رہے ہیں، جیسے ان سے صاف آدمی ملک میں کوئی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار ڈمی وزیر اعلی تھے جن کے ذریعے کرپشن کروائی گئی، فرح گوگی کی آمدن کی کوئی ٹریل نہیں ہے، پنجاب میں ایک ایک پوسٹنگ پر کروڑ کا ریٹ لگایا گیا، کرپشن کا منصوبہ بنی گالہ سے چلایا جاتا رہا ہے، عثمان بزدار، فرح گوگی اور ان جیسے لوگوں کو صرف کرپشن کے لیے لایا گیا، عثمان بزدار کے وزیراعلی بننے سے پہلے چند کروڑ کے اثاثے تھے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ایک ٹیکسٹائل مل میں 12 کروڑ کی سرمایہ کاری ہے، عثمان بزدار کو لگانے کا مقصد ایسا ڈمی لگانا تھا جو خود بھی مال کمائے، بنی گالا میں بھی دے، عثمان بزدار کے ذریعے 10 ارب روپے کے ناجائز اثاثے بنائے گئے۔رہنما مسلم لیگ(ن)نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جلسوں اور عمران خان کے سفر پر خرچوں کے پیسے کہاں سے آئے؟ عثمان بزدار نے غریب عوام کے حق پر ڈاکا ڈالا، بزدار نے ملک کے وسائل کو بیدردی سے لوٹا، عمران خان نے سہولت کار کا کام کیا۔عطا تارڑ نے کہا کہ عثمان بزدار نے 10 ارب کے اثاثے کیسے بنائے؟ عثمان بزدار کے فرنٹ مین بھی ملک کو لوٹنے میں مصروف رہے، عمران خان کے دور میں کسان نے 10 گنا زیادہ قیمت پر کھاد خریدی، عثمان بزدار کو تمام کرپشن کا جواب دینا ہوگا۔ ZS