پارلیمنٹ کمزور ہوگی تو تمام ادارے کمزور ہوں گے، خورشید شاہ


پشاور(صباح نیوز)پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اگر پارلیمنٹ کمزور ہوگی تو تمام ادارے کمزور ہوں گے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران خورشید شاہ نے کہا کہ ملک کے اداروں کو مضبوظ کرناچاہتے ہیں تو پارلیمنٹ کو مضبوط کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ غیرآئینی قانونی سازی کو روکنا ہمارا حق ہے، آئین سے بالاتر ہو کر کوئی کام نہیں کرنا چاہتے۔

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے جو کہا اس پرعمل کیا، ہم سیاسی لوگ ہیں آمریت کے خلاف لڑے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر پارلیمنٹ کمزور ہوگی تو تمام ادارے کمزور ہوں گے، موجودہ حکومت نے پارلیمنٹ کو کوئی اہمیت نہیں دی۔

خورشید شاہ نے یہ بھی کہا کہ سیاسی جماعتیں وقت کے ساتھ فیصلے کرتی ہیں، ہم آئینی طریقے سے تبدیلی چاہتے ہیں، ملک میں پروپیگنڈا بڑا چلتا ہے، آج کل تو کچھ زیادہ ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ 30 نومبر کو پشاور میں پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس منائیں گے اور صوبہ خیبرپختونخوا میں زبردست پاور شو ہو گا۔

رکن قومی اسمبلی نے الزام عائد کیا کہ ملک میں جمہوریت کے نام پر آمریت کی حکومت ہے جب کہ ہم پارلیمنٹ کے اندر اور باہر سیاست کررہے ہیں۔سید خورشید شاہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ آئین سے بالاتر ہو کرکوئی فیصلہ نہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانا حکومت کا حق ہے۔پی پی کے مرکزی رہنما نے کہا کہ اس حکومت میں شروع دن سے پنڈورا باکس کھل رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق جج پر الزام سنگین مسئلہ ہے۔

سابق وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے کہا کہ اس مسئلے کا سپریم کورٹ کو سو موٹو نوٹس لینا چاہیے۔