سعودی عرب کا مانسہرہ،مظفر آباد میں پاکستانی عوام کیلئے مساجد کا عطیہ


اسلام آباد(صباح نیوز)سعودی عرب نے پاکستان کی حکومت اور برادر پاکستانی عوام کیلئے مانسہرہ میں شاہ عبدالعزیز مسجد اور مظفرآباد میں شاہ فہد مسجدعطیہ کی ہے تحفے کی سپردگی کی یہ تقریب اسلام آبا دمیں ہوئی۔

مذہبی امور کے وزیر نورالحق قادری، سعودی سفیر نواف بن سید المالکی اور دوسرے افراد بھی اس موقع پر موجود تھے۔مذہبی امور کے وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں مساجد کو 2005 کے زلزلے میں نقصان پہنچا تھا اور مقامی لوگ ان کی تعمیر نو چاہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے دونوں مساجد کی تعمیر نو کا کام پاکستانی لوگوں کیلئے بطور تحفہ سرانجام دیا ہے۔مذہبی امور کے وزیر نے کہا کہ سعودی عرب ان اہم ممالک میں شامل ہے جنہوں نے 2005 کے زلزلے کے دوران پاکستان کی مدد کی۔

نورالحق قادری نے پاکستان کی حکومت اور لوگوں کی طرف سے اس قیمتی تحفے پر سعودی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔سعودی سفیر نے اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب نے مشکل کی ہرگھڑی میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

سعودی سفیر نے بعد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے سیاسی اور اقتصادی تعلقات ہیں جنہیں آنے والے دنوں میں مزید فروغ ملے گا