اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک چیف جسٹس کا حلفیہ الزام ثاقب نثار کے خلاف کیا آیا، رونا وزیر اطلاعات کو پڑگیا ہے۔
ٹوئٹر پر ایک بیان میں پرویز رشید کا کہنا تھا کہ یہ پولیٹیکل انجینیئرنگ کے ہر ملزم کے ترجمان بن کر ایسے تڑپتے ہیں جیسے ‘چھڑیاں تو مرزا کو پڑتیں اور چیخیں صاحباں کی نکلتیں’۔ خیال رہے کہ گلگت بلتستان کی سپریم ایپلٹ کورٹ کے سابق چیف جسٹس رانا ایم شمیم نے اپنے مصدقہ حلف نامے میں کہا ہے کہ وہ اس واقعے کے گواہ تھے جب اس وقت کے چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے ایک جج کو حکم دیا تھا کہ 2018 کے عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان کے سینیئر ترین جج نے پاکستان کے سینیئر ترین جج کے حوالے سے اپنے حلفیہ بیان میں لکھا کہ میاں محمد نواز شریف اور مریم نواز شریف عام انتخابات کے انعقاد تک جیل میں رہنا چاہئیں, جب دوسری جانب سے یقین دہانی ملی تو وہ (ثاقب نثار) پرسکون ہو گئے اور ایک اور چائے کا کپ طلب کیا۔
تاہم ان الزامات کی سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے تردید کی ہے۔اس حوالے سے وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ن لیگ نے سال 2015 میں رانا شمیم کو چیف جج گلگت بلتستان لگایا تھا، خبر میں جس جج کا نام لیاگیا وہ بینچ میں ہی نہیں تھے۔