گوجرانوالہ(صباح نیوز)گوجرانوالہ می حافظ آباد روڈ پر تھانہ کوٹ لدھا کے قریب ڈمپر اور دو مسافر وینوں میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں خواتین سمیت 12 مسافر جاں بحق اور10 زخمی ہوگئے ۔
ریسکیو حکام کے مطابق خوفناک ٹریفک حادثہ کوٹ لدھا تھانہ کے قریب پیش آیا، جہاں ڈمپر کے ڈرائیور نے بے قابو ہو کر دو مسافر وینوں پر گاڑی چڑھا دی، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 12افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ10زخمی ہو گئے۔
امدادی کارکنوں کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ تباہ شدہ وینز کو کاٹ کر لاشوں کو نکالا گیا اور ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیازخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ،اس حوالے سے پولیس نے کہا کہ ابتدائی تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ ڈمپر کا ڈرائیور اوور سپیڈ تھا اور تیز رفتاری کے باعث گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور دو مسافر وینوں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں 12مسافر موقع پر جاں بحق ہو گئے اور10زخمی ہو گئے۔ڈرائیور اور ڈمپر کو حراست میں لے لیا گیا ، دونوں مسافر وینوں میں 28افراد سوار تھے۔
پولیس حکام کے مطابق جاں بحق افراد گوجرانوالہ کے علاقے عالم چوک کے رہائشی تھے اور سرگودھا میں عرس میں شرکت کے بعد واپس گھروں کو جا رہے تھے۔پولیس نے کہا کہ جاں بحق افراد میں 6 خواتین اور ایک بچی بھی شامل ہے جبکہ ایک وین کا ڈرائیور بھی جاں بحق افراد میں شامل ہے۔ دوسری جانب پولیس نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔