عمران نے مقتدرادارے کے خلاف جو زہر اگلا ہے وہ سازش ہے، شہباز شریف


 اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نے مقتدرادارے کے خلاف جو زہر اگلا ہے وہ سازش ہے اگر آئینی  طریقے  سے نہ روکا گیا تو یہ ملک شام اور لیبیا کی تصویر بن جائے گا۔ قوم تقسیم ہوچکی ہے۔ ادارے نے عمران خان کو بچے کی طرح دودھ پلایا، اس مقتدر ادارے نے کسی کو اس طرح سپورٹ نہیں کیا تھا جس طرح عمران خان کو سپورٹ کیا۔ اس ادارے نے  جتنا عمران خان کو سپورٹ  کیا اس کا 20فیصد بھی اگر پیپلزپارٹی یا مسلم لیگ ن کو سپورٹ کیا ہوتا تو ملک جہاز کی طرح اڑتا۔ سپورٹ کے باوجود عمران نیازی بری طرح ناکام ہوا۔ اگر اس کو سختی سے نہ روکا گیا تو ملک میں بوجھال آسکتا ہے۔ یہ چاہتے ہیں کہ جمہوریت ختم ہو جائے ، اس لمحے کو قابو کرنا ہوگا ورنہ کچھ نہیں بچے گا۔

وزیراعظم نے اعلان کے باوجودعید پرلوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی نور عالم خان  اور قومی اسمبلی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ لوڈشیڈنگ کی تحقیقات کروائیں گے تاہم انہوں نے کہاکہ یکم مئی سے ملک بھر میں لوڈشیڈنگ میں کمی ضرور آئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ متعلقہ افسران اور نور عالم خان کو بلا کر ان کے سامنے  پوچھ گچھ کی جائے گی اور ذمہ داروں کا  تعین کیا جائے گا۔

قومی اسمبلی اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن نور عالم خان نے  نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ وزیراعظم نے اعلان کیا تھا کہ یکم مئی کے بعد لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی کیا وزیراعظم بتا سکتے ہیں کہ  لوڈشیڈنگ کیوں ہوئی۔نوعالم خان نے مطالبہ کیا کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل آکر بتائیں کہ ملک میں چیزیں کیوں مہنگی ہورہی ہیں ۔

نور عالم خان نے  نام لئے بغیرسابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ایک بندہ ملک کوغیر مستحکم اور اداروں کو بدنام کررہا ہے اس کا نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اگر لوڈشیڈنگ کے حوالے  سے وزیراعظم کا حکم نہیں مانا جاتا تو پھر کیا فائدہ  ۔ تبدیلی نظر نہیں آرہی یوٹیلٹی سٹورز پر چینی بغیر شناختی کے فراہم کی جائے قوم کے ساتھ مذاق نہ کیا جائے۔

نور عالم خان کے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ  جب ہم نے اقتدار سنبھالا  اور جھرلو طریقوں سے آنے والے  سے جان چھڑوائی تو ملک میں جوبجلی  کے پلانٹس نصب ہیں ان کی  پیداواری صلاحیت بجلی کی ڈیمانڈ سے  زیادہ ہے مگر افسوسناک بات ہے کہ ماضی کی حکومت نے  نہ تیل خریدی، نہ گیس وقت پر منگوائی، سب  سے سستی 3 ڈالر فی یونٹ گیس نہیں منگوائی گئی بلکہ مہنگا تیل منگواتے رہے۔

انہوں نے کہاکہ تیل مافیا سابق حکومت کے اعصاب پر چھایا رہا۔ گیس کی جگہ تیل منگوانے سے ملکی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔  وزیراعظم نے اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ کو معلوم ہے کہ ہر سال پلانٹس کی مرمت  سردیوں میں کی جاتی ہے۔ لیکن سابق نا اہل  اور نالائق حکومت کا کیا کیا جائے کوئی کام نہیں کیا گیا۔ اب  بند پلانٹس کو آہستہ آہستہ چلارہے ہیں۔ گیس کے جہاز خرید ے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ساڑھے پانچ  ہزار ارب کا مالی خسارہ ہے۔

شہباز شریف نے کہاکہ سال 2018 میں جو قرض تھے ان میں80 سے 85فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور ملک میں کہیں ایک اینٹ بھی نہیں لگائی گئی۔ ہماری آنے والی نسلوں کو بھی  گروی رکھ دیا گیا ہے۔ قوم کا وقت ضائع کیا گیا دن رات چور چور ، ڈاکو،ڈاکو کا راگ الاپا گیا۔ شہبازشریف نے کہاکہ کل چیئرمین تحریک انصاف نے  جو بات کہی ہے وہ بہت خطرناک ہے انہوں نے کہاکہ سراج الدولہ کے سپہ سالار میر جعفر،میرصادق بنے۔ میں نے گزشتہ روز میڈیا کو بتایا کہ غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹے جارہے ہیں ۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سابق سفیر نے  بتایا کہ  انہوں نے اپنے خط میں لکھا تھا کہ امریکی سفیر کی طرف سے  کہے گئے الفاظ دھمکی آمیز ضرور تھے  لیکن اس میں سازش کہاں سے آگئی وہ خط بھی قومی سلامتی  کے اجلاس میں پڑھا گیا۔

شہباز شریف نے کہاکہ  ہنری کسنجر نے  سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو کیا دھمکی دی تھی وہ بھی تاریخ کا حصہ ہے ۔ یحییٰ خان کو روس نے دھمکی دی ہم روز بھارت کو اور بھارت ہمیںدھمکیاں دیتے ہیں اس میں سازش کا عنصر کہاں سے نکلا۔ شہباز شریف نے کہاکہ عمران  نیازی نے گزشتہ روز بدترین  گفتگو کی ہے اس قبیح حرکت ہونہیں سکتی۔ میں نے گزشتہ روز بھی صحافیوں نے کہاکہ کل عمران  نے جو زہر اگلا ہے وہ سازش ہے اگر آئینی  طریقے  سے نہ روکا گیا تو یہ ملک شام  اور لیبیا کی تصویر بن جائے گا۔ قوم تقسیم ہوچکی ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ ہزاروں قربانیوں سے پاکستان  وجودمیں آیا تھا۔ عمران خان نے کل ادارے  کے خلاف زہر اگلا اس ادارے نے عمران خان کو بچے کی طرح دودھ پلایا، اس مقتدر ادارے نے  کسی کو اس طرح سپورٹ نہیں کیا تھا جس طرح عمران خان کو  سپورٹ کیا۔ اس ادارے نے  جتنا عمران خان کو سپورٹ  کیا اس کا 20فیصد بھی اگر پیپلزپارٹی یا مسلم لیگ ن کو سپورٹ کیا ہوتا تو ملک جہاز کی طرح اڑتا۔

شہباز شریف نے کہاکہ تمام سپورٹ کے باوجود عمران نیازی بری طرح ناکام ہوا۔ اگر اس کو سختی سے نہ روکا گیا تو ملک میں بوجھال آسکتا ہے۔ یہ چاہتے ہیں کہ جمہوریت ختم ہو جائے  میں ادب سے کہتا ہوںکہ اس لمحے کو قابو کرنا ہوگا ورنہ  کچھ نہیں بچے گا

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے  رولنگ دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان  کے قومی اداروں، سلامتی کے اداروں پر حملہ اداروں کو  کمزور کرنے کی کوشش ہے ان کے بارے میںبات کرنا پاکستان کے مفاد کے خلاف ہے۔ جو بھی بات کرتا ہے قومی مفاد کے خلاف کرتا ہے۔ آئین پاکستان اس طرح کے  رقیق حملوں کی اجازت نہیں دیتا۔