پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی ختم کرنے کی تیاریاں، مہنگائی کی شرح بڑھنے کا امکان


اسلام آباد(صباح نیوز) آئی ایم ایف کی شرائط پر پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی ختم کرنے کی تیاریاں ہو رہی ہیں، وزارت خزانہ رواں ہفتے کے دوران سبسڈی ختم کرنے کا پلان تیار کرے گی۔

ذرائع کے مطابق بجلی کے فی یونٹ پر دی گئی سبسڈی بھی ختم کیے جانے کا امکان ہے

آئی ایم ایف سے مذاکرات کے دوران سبسڈی ختم کرنے کا پلان پیش کیا جائے گا،پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات 18 مئی سے شروع ہوں گے۔آئی ایم ایف کے ساتھ قطر میں دس روز تک مذاکرات جاری رہیں گے،پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات میں آئندہ بجٹ تجاویز زیر غور آئیں گی۔

حکومت اس وقت پٹرولیم مصنوعات پر 65 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے، پٹرول پر 21 ارب اور ڈیزل پر 44 ارب روپے سبسڈی دی جا رہی ہے

ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی مرحلہ وار ختم کیے جانے کا امکان ہے، پٹرولیم مصنوعات اور بجلی پر سبسڈی ختم ہونے پر مہنگائی کی شرح بڑھنے کا امکان ہے۔