چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید کا شہید اشرف صحرائی کو زبردست خراج عقیدت


برسلز (صباح نیوز)چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے شہید حریت رہنما محمد اشرف صحرائی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔،

شہید حریت رہنما کی پہلی برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں علی رضا سید نے کہاکہ حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور تحریک حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین اشرف صحرائی جو بھارتی قید میں ناقص طبی سہولیات کی وجہ سے گذشتہ سال پانچ مئی کو جان بحق ہوگئے تھے، نے طویل عرصہ کشمیر پر بھارت کے غیرقانونی قبضے کے خلاف جدوجہد کی۔

علی رضا سید نے کہاکہ بھارت کی مودی حکومت اشرف صحرائی کی زیرحراست موت کی ذمہ دار ہے۔ قید میں ان کی موت اس بات کا ثبوت ہے کہ مودی رجیم ریاستی دہشت گردی کے ذریعے حریت قیادت کو ختم کرنے کے درپے ہے۔ اشرف صحرائی کو حراست کے دوران متعدد بیماریوں کے باوجود علاج معالجے کی باقاعدہ سہولیات فراہم نہیں کی گئیں۔

اشرف صحرائی کو  میں پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قانون کے تحت گرفتارکرکے جموں کی ادھم پور جیل بھیج دیا گیا تھا۔ ان کی خراب جسمانی حالت کے باوجود انہیں بروقت ڈاکٹر تک رسائی نہ دی گئی۔شہید صحرائی لمبے عرصے سے جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف کوشاں تھے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے اپنے بیان میں دیگر شہدا کے خاندانوں کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے تمام شہدائے جموں و کشمیر کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا نے کشمیر کی آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہاکہ ہم شہدائے کشمیر کو ہرگز فراموش نہیں کرسکتے جنہوں نے اپنی جانیں پیش کرکے جموں و کشمیرکے لوگوں کی ہمت و حوصلے کو مزید مضبوط کیا۔علی رضا سید نے کہاکہ  سے ابتک تمام شہدائے خطہ جموں و کشمیر نے اپنے خون سے تحریک آزادی کشمیر کی آبیاری کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی ساڑھے سات دہائیوں کی تاریخ قربانیوں سے بھری ہوئی ہے اور مقبوضہ کشمیرکے لوگ آج تک قربانی دے رہے ہیں۔ بھارت کے انسانیت سوز مظالم دن بدن بڑھ رہے ہیں۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر لاکھوں شہدا کے خون سے لکھی گئی ہے اور ہم شہدا کی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچا کر رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے انسانیت سوز مظالم کو عالمی فورموں پر اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جس طرح بے دردی سے بھارتی فورسز نے کشمیریوں کا قتل عام جاری رکھا ہوا ہے، اس کی آج کی دنیا میں کم ہی مثال دی جاسکتی ہے۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہاکہ ہم بھارت کے اس ظالمانہ رویے پر خاموش نہیں بیٹھیں گے بلکہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو انصاف ملنے تک اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے۔عالی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی گھمبیرصورتحال کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے۔