لندن(صباح نیوز)حکومت پاکستان نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو پاسپورٹ جاری کر دیا۔اسحاق ڈار کو پاسپورٹ پاکستان میں جاری کیا گیا ہے جو انہیں جلد لندن میں مل جائے گا۔
ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے پاسپورٹ کے اجرا کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی حکام نے پاسپورٹ کے جاری ہونے سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ سیاسی انتقام کیلئے مجھ پر بے بنیاد مقدمات قائم کئے گئے تھے، حلفا کہتا ہوں کہ نہ تو کبھی ٹیکس چھپایا اور نہ ٹیکس ریٹرن تاخیر سے فائل کی۔
انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ ملنے کے بعد پاکستان واپسی کے حوالے سے فیصلہ کروں گا۔واضح رہے کہ اسحاق ڈار کو پاکستان سے لندن آئے تقریبا 4 برس کا عرصہ ہو چکا ہے، ان پر لندن آنے سے قبل مختلف کیسز بنائے گئے تھے۔