ناظم جوکھیو قتل کیس،موبائل فون،کپڑے پنجاب فرانزک لیبارٹری بھجوانے کا فیصلہ


کراچی(صباح نیوز)ناظم جوکھیو قتل کیس میں مقتول کا موبائل فون اور کپڑے جام ہا ئوس کے قریب کنویں سے مل گئے جنہیں پنجاب فارنزک لیبارٹری بھجوانے کافیصلہ کیا گیا۔

تفتیشی حکام کے مطابق ناظم جوکھیو قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور تفتیشی ٹیم نے کنویں سے مقتول کے کپڑے اور موبائل فون نکال لیا ۔

قتل کیس میں گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے ناظم جوکھیو کا موبائل فون اور کپڑے کنویں میں پھینک کر کنویں میں آگ لگائی تھی۔

تفتیشی حکام نے کہا ہے کہ ملزمان کی نشاندہی پر تفتیشی ٹیم کنویں پرپہنچی اوردونوں چیزیں برآمد کیں،حکام نے بتایا کہ موبائل فون کافی حد تک جل چکا ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق مقتول کے برآمد کیے گئے کپڑے اور موبائل فارنزک کے لئے پنجاب فارنزک لیبارٹری بھیجے جائیں گے،لیباریٹری رپورٹ آنے پر تفتیش میں مزید پیش رفت ہوگی۔