اسلام آباد(صباح نیوز) وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف نے عوام کو عید کا تحفہ دیتے ہوئے یکم مئی سے ملک بھرمیں بجلی لوڈ شیدنگ مکمل ختم کرنے کے ہدایت کر تے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو گرمیوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مشکلات میں مبتلا نہیں کر سکتے، ایندھن کے مربوط اور مستقل نظام کی تشکیل اور گرمیوں میں آئندہ ماہ کی پیشگی منصوبہ بندی کریں، فصلوں کی کٹائی کے دوران ڈیزل کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کی نشاندہی کریں، فوری اور سخت کارروائی کریں،کسانوں کو زرعی مشینری چلانے کیلئے ڈیزل کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیدنگ پر اعلی سطح کا ہنگامی اجلاس ہوا ، اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ایک سال سے زائد عرصے سے بند پڑے 27بجلی گھروں میں سے 20 کو فعال بنا دیا گیا ،20بجلی گھروں کے دوبارہ چلنے سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے،گزشتہ حکومت نے چار سال میں بجلی گھروں کیلئے ایندھن نہیں خریدا، موجودہ حکومت نے صرف دو ہفتے میں نہ صرف ایندھن کا انتظام کیا بلکہ ان بجلی گھروں سے بجلی کی پیداوار بڑھا کر لوڈ شیڈنگ کا سدِ باب بھی کیا جا رہا ہے
ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار تقریباً 18500 میگاواٹ ہے،طلب کے لحاظ سے بجلی کا شارٹ فال 500 سے 2000 میگاواٹ ہے،وزیرِ اعظم شہباز شریف کو حکومت سنبھالتے ہی بریفنگ دی گئی تھی کہ 27 بجلی گھر ایندھن نہ ہونے کی وجہ سے یا دیگر تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے بند پڑے ہیں،لوڈشیڈنگ کی بڑی وجہ گزشتہ حکومت کا بجلی گھر چلانے کیلئے ایندھن کی بروقت فراہمی کا منصوبہ نہ ہونا ہے،لوڈ شیڈنگ کی دیگر وجوہات میں ایندھن فراہمی میں مسائل، بجلی گھروں کی بروقت مرمت اور دیکھ بھال میں مجرمانہ غفلت ہے ۔اس کے علاوہ وزیرِ اعظم کو تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے میں جانے والے فیڈرز کے حوالے سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا،وزیرِ اعظم نے 30 اپریل تک تمام مسائل کا سد باب کرکے یکم مئی سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کو ختم کرنے کی ہدایات جاری کر دیں
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو گرمیوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مشکلات میں مبتلا نہیں کر سکتے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایندھن کے مربوط اور مستقل نظام کی تشکیل اور گرمیوں میں آئندہ ماہ کی پیشگی منصوبہ بندی کریں۔
وزیراعظم نے فصلوں کی کٹائی کے دوران ڈیزل کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کی شکایت پر نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کی نشاندہی کریں، فوری اور سخت کارروائی کریں،کسانوں کو زرعی مشینری چلانے کیلئے ڈیزل کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے،دیہی علاقوں میں ضلعی انتظامیہ یقینی بنائے کہ کسانوں کو ڈیزل کے حصول میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
اجلاس میں وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور متعلقہ اعلیٰ حکام کی شرکت کی ۔