ٹوکیو(صباح نیوز) عالمی پابندیوں کے باوجود جاپان نے روس سے اہم معاہدہ کر لیا۔غیر ملکی خبر رساں ا دارے کے مطابق روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سے روس پر عالمی پابندیاں عائد ہیں اور کسی بھی ملک کو روس سے کوئی بھی معاہدہ کرنے پر پابندی عائد کی گئی، اس کے باوجود جاپان کے ماہی گیروں نے روس سے ایک بڑا معاہدہ کر لیا۔
جاپان کے ماہی گیروں نے روسی دریائوں میں پائی جانے والی سالم اور ٹرائوٹ مچھلیوں کے حوالے سے معاہدہ کیا ہے۔جاپانی ماہی گیروں کے مطابق یوکرین تنازع سے روسی اور جاپانی تعلقات کے خراب ہونے کے ساتھ اس سال دونوں حکومتوں کے درمیان ہونے والے سالانہ مذاکرات بھی نہ ہو سکے جس کے باعث متنازعہ جزائر کے ارد گرد شمالی علاقوں میں جاپانی ماہی گیروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ماہی گیروں نے اپنی مشکلات کو کم کرنے کے لیے روس کے ساتھ مچھلیوں کا معاہدہ طے کیا ہے۔ جاپان نے روس کے ساتھ رواں سال کے لیے اپنے خصوصی اقتصادی زون میں سالمن اور ٹرائوٹ مچھلی کے 2 ہزار 50 ٹن کے کوٹے کا معاہدہ کیا ہے جس کے بدلے جاپان روس کو 20 کروڑ ڈالر ادا کرے گا۔
واضح رہے کہ یوکرین پر روس کے حملے کے بعد سے جاپان نے روس پر پابندیاں لگائیں اور کئی سفارت کاروں کو ملک بدر کیا اور روس کے سب سے زیادہ پسندیدہ قوم کا درجہ بھی ختم کر دیا تھا۔