عالمی برادری کشمیریوں کو اپنا بنیادی حق، حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار اداکرے ، ،فریدہ بہن


 سری نگر(کے پی آئی)جمو ں و کشمیر ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے بڑھتے ہوئے قتل عام پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ مقبوضہ ریاست میں بھارتی مظالم کوروکنے اور کشمیریوں کو اپنا بنیادی حق  ، حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار اداکرے ،

فریدہ بہن جی بڈگام میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی سے گفتگو کررہی تھیں جنھوں نے ماس موومنٹ کے ایک وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی ، وفد میں ماس موومنٹ کے سیکریٹری جنرل پرنس سلیم ،پولیٹیکل ایڈوائزر محمد یاسین بٹ بھی شامل تھے ،اس موقع پر ماس موومنٹ کی سربراہ نے آغا سید حسن کی عیادت کرکے ان کی خیر یت دریافت کی ، آغا سید حسن کچھ عرصے سے علیل تھے ،ملاقات میں کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،

ملاقات کے د وران دونوں رہنماوں نے قابض بھارتی فورسز کی جا نب سے نہتے کشمیریوںپر بڑھتے ہوئے انسانیت سوز مظالم اور خاص کر کشمیری نوجوانوں کے قتل عام پر اظہار تشویش کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ موجو دہ صورتحال میں کشمیری قیادت میں اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ایک مضبوط آواز میں تحریک آزادی کو موثر طریقے سے آگے لے جایا جاسکے ،آغا سید حسن نے عیادت کرنے پرماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ کشمیری قیادت میں اتحاد کے لئے ہر کوشش کی حمائت کریں گے،

ملاقات کے بعد فریدہ بہن جی نے کہاکہ کشمیری عوام اس وقت ایک مشکل مرحلے سے گزررہے ہیں ،ایک طرف بھارت نے کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کررکھاہے تو دوسری طرف کشمیریوں کی آواز کو خاموش کرانے کیلئے مختلف حربے استعمال کئے جارہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ بھارتی فوجی کشمیریوں کو مسلسل جعلی مقابلوں، دوران حراست گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، ظلم وتشدد اورقتل عام کا نشانہ بنا رہے ہیں۔بھارتی قابض فورسز کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہیں،قابض بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں ،بھارتی فوج نے کشمیریوں کا جینا مشکل بنادیاہے لیکن اس کے باوجود عالمی برادری خاموش تماشائی کاکردار اداکررہی ہے ،

فریدہ بہن جی نے عالمی برادری خاص کر اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کشمیر میں ظلم وبربریت روکنے کے لئے بھارت پر دباو ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا صرف یہ قصور ہے کہ وہ اپنے حق خودارادیت کے لئے پرامن جدوجہد کررہے ہیں جس کا وعدہ ان سے خود بھارت نے اقو ام متحدہ کی قراردادوں میں کررکھا ہے ،بھارت کوچاہیے کہ وہ اپنی روایتی ہٹ دھرمی ترک کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل تلاش کرنے کے لئے آگے آئے۔۔