مودی کے دورے سے قبل مقبوضہ کشمیر میں مزید تین کشمیری نوجوان شہید


 سری نگر: بھارتی وزیراعظم مودی کے دورے سے قبل جمعہ کو مزید تین کشمیری نوجوان شہید کر دیے ہیں ۔ ان میں سے دو نوجوانوں کو جموں اور ایک نوجوانوں کو بارہمولہ میںریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں میں شہید کیا گیا ۔

بھارتی فوج کی اس تازہ کارروائی میں24 گھنٹوں میں شہید کشمیری نوجوانوں کی تعداد بڑھ کو چھ ہو گئی ہے ۔ بھارتی فوج نے ضلع جموںکے علاقے سنجوان میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران دو نوجوان شہید کر دیے۔ قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں فورسزکا ایک اہلکار ہلاک جبکہ 9زخمی ہو گئے تھے۔

پولیس  کے مطابق صنعتی سیکورٹی فورس(سی آئی ایس ایف) کا ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر ایس پی پاٹیل  مارا گیا ہے۔بھارتی فوجیوںنے ضلع بارہمولہ کے علاقے پارسوانی میں ایک پر تشدد آپریشن کے دوران جمعہ  کے روزایک اور نوجوان کو شہید کر دیا جبکہ گزشتہ روز اسی علاقے میں تین نوجوان شہید ہو گئے تھے دونوں اضلاع میں بھارتی فوج کا آپریشن جاری  ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی 24 اپریل کو جموں کا دورہ کرنے والے ہیں۔ دورے سے قبل جموں  میں اضافی فورسز اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں جموں کو فوجی چھاونی  میں بدل دیا گیا  ہے ۔