الخدمت وومن ونگ ٹرسٹ کی جانب سے فلسطینی متاثرین کی مدد کے لئے 80 لاکھ روپے امداد


لاہور( صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ ٹرسٹ کی جانب سے الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت فلسطین میں جاری امدادی سرگرمیوں کے لئے 80لاکھ روپے کا امدادی چیک پیش کیا گیا۔

نائب صدر الخدمت فانڈیشن وومن ونگ ٹرسٹ لاہور صباثاقب نے الخدمت کمپلیکس میں امدادی رقم کا چیک سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان شاہد اقبال کو پیش کیا۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر خبیب بلال،مینجنگ ڈائریکٹر الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن سفیا ن احمد خان اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

شاہد اقبال نے الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ ٹرسٹ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وومن ونگ ٹرسٹ نے مشکل کی ہر گھڑی میں ہمارے شانہ بشانہ کام کیا ہے۔اپنے مصیبت میں گھِرے فلسطینی بہن بھائیوںکی مددکیلئے الخدمت وومن ونگ ٹرسٹ کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔

صباثاقب نے اس موقع پر کہا کہ جنگ بندی کے بعد ہزاروں متاثرہ فلسطینی خاندان ہماری امداد کے منتظر ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ مصیبت میں گھِرے بے گھر،خوراک اور علاج کی سہولیات سے محروم فلسطینی بہن بھائیوں کی فوری امداد کا بندو بست کیا جائے۔ اس مقصد کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ ٹرسٹ ہر وقت تیارہے اور اپنا ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔