لاہور ( صباح نیوز )جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فرید احمد پراچہ اور انور گوندل نے بابو صابو میں میاں عبدالمجید نمبر دار کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حق وباطل کا پہلا معرکہ رمضان المبارک میں ہوا جس کو غزوہ بدر کے نام سے جانا جاتا ہے۔ جانثاروں نے وفاداری کی ایسی مثالیں قائم کیں کہ قدسیوں نے بھی رشک کیا۔
انہوں نے کہا کہ فتح مکہ بھی تاریخ امن عالم میں اپنا ثانی نہیں رکھتی۔رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ سایہ آ فگن ہے۔ اس میں زیادہ سے زیادہ قرب الہٰی حاصل کرنے کی جستجو کرنی چاہیے۔ اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ اس نے رمضان جیسے مقدس مہینہ ہمیں دیا تاکہ ہم متقی اور پرہیز گار بن جائیں۔ پورے اخلاص کے ساتھ روزے رکھنے سے اللہ اور اس کے رسول کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ روزہ ہمیں صبر اور جسمانی و روحانی پاکیزگی کی طرف مائل کرتا ہے۔ خود پر کنٹرول کرنا اور اپنی مرضی کو پس پشت ڈال کر اللہ کی رضا کے لیے خواہشات کو قربان کردینا ہی اس کا اصل مقصد ہے۔ روزہ اللہ کے لیے ہے اور اللہ تعالیٰ ہی اس کا ثواب دیں گے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم قرآن کے ساتھ اپنا ناطہ مضبوط کریں