نومنتخب وفاقی کابینہ کے اراکین نے حلف اٹھا لیا


اسلام آباد (صباح نیوز)قائم مقام صدر مملکت میر محمد صادق سنجرانی نے نومنتخب وفاقی کابینہ کے اراکین سے حلف لیے لیا۔ حلف اٹھانے والی 34رکنی کابینہ میں 31وفاقی وزراء اور تین وزرا مملکت شامل ہیں۔

حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف،پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، سابق وزیر اعظم اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف مخدوم سید یوسف رضا گیلانی، سابق گورنر پنجاب مخدوم سیداحمد محمود ،ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالدمقبول صدیقی،اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ، غیر ملکی سفارتکاروں اور دیگر اعلیٰ حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

حلف اٹھانے  والے وزراء میں مسلم لیگ(ن)14، پیپلز پارٹی 11 اور جے یو آئی کو 4  ، ایم کیو ایم پاکستان دو، بلوچستان عوامی پارٹی ایک ، جمہوری وطن پارٹی ایک اور پاکستان مسلم لیگ (ق)ایک شامل ہیں جبکہ بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل)کے دو ارکان نے پہلے مرحلہ میں حلف نہیں اٹھایا۔ (ن)لیگ کی جانب سے خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، رانا ثناء اللہ ، سردارایاز صادق،انجینئر خرم دستگیر خان، راناتنویر حسین مریم اورنگزیب،خواجہ محمد سعدرفیق، میاں ریاض حسین پیرزادہ،ڈاکٹر مفتاح اسماعیل احمد،مرتضیٰ جاوید عباسی، سینیٹر چوہدیری اعظم نذیر تارڑ اورمیاں جاوید لطیف بطور وفاقی وزراء حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب حلف اٹھانے والے وزاء میں سید خورشید احمد شاہ،سید نوید قمر،سینیٹر شیری رحمان،مخدوم سید مرتضیٰ محمود،عبدالقادر پٹیل، ساجد حسین طوری،میر احسان الرحمان مزاری، عابد حسین بھایو اور شازیہ مری شامل ہیں جب کہ ایم کیو ایم کی جانب سے سید امین الحق اورسینیٹر سید فیصل علی سبزواری شامل ہیں۔جے یو آئی( ف)کی جانب سے مولانا اسعد محمود ، مولانا عبدالواسع، مفتی عبدالشکور،سینیٹر طلحہ محمود، بلوچستان عوامی پارٹی کی جانب سے محمد اسرار ترین،جمہوری وطن پارٹی کی جانب سے نوابزادہ شاہ زین بگٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کی جانب سے چوہدری طارق بشیر چیمہ بطور وفاقی وزیرحلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں.

جبکہ(ن)لیگ کی ایم این اے عائشہ غوث پاشا، پی پی پی کی ایم این اے حنا ربانی کھر اور (ن)لیگ کے ایم این اے عبدالرحمان خان کانجو بطور زیر مملکت حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔ جبکہ تین مشیروں کا تقرر بھی کیا گیا ہے جن میں پاکستان مسلم لیگ (ن)خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام خان، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری قمر زمان کائرہ اور سردار جہانگیر خان ترین گروپ کے عون چوہدری شامل ہیں۔ کابینہ کے پہلے مرحلہ میں حلف نہ اٹھانے والوں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے چھٹی پر ہونے کے باعث قائم مقام صدر اور چیئر مین سینیٹ میر محمدصادق سنجرانی نے پہلے مرحلہ میں نامزد ہونے والے وفاقی وزراء اور وزراء مملکت سے حلف لیا۔یاد رہے کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے بھی صادق سنجرانی نے حلف لیا تھا۔