مظفر آباد(صباح نیوز)سردار تنویر الیاس بلا مقابلہ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم منتخب ہوگئے ہیں۔ پیر کے روز آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے قانون ساز اسمبلی میں سردار تنویر الیاس نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تاہم ان کے خلاف کسی نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے چنانچے سردار تنویر الیاس بلا مقابلہ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم منتخب ہوگئے۔
اپوزیش نے گزشتہ روز آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم کے انتخاب کا بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔سردار تنویر الیاس25 جولائی2021 کو ہونے والے انتخابات کے نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے-15 باغ 2 سے کامیاب ہوئے تھے۔سردار تنویر الیاس کا تعلق آزادکشمیر کے ضلع پونچھ کے علاقے بنگوئیں سے ہے۔ ان کے والد سردار الیاس سعودی عرب کے معروف کاروباری گروپ تمیمی میں اعلی عہدے پر فائز ہیں۔ ان کے چچا سردار صغیر چغتائی قانون ساز اسمبلی میں رکن تھے۔2021 کے انتخابات سے قبل آزاد پتن کے قریب حادثے کا شکار ہوئے تھے وہ گاڑی سمیت دریا میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے ۔
سردار تنویر الیاس کا نام پہلی مرتبہ اس وقت سامنے آیا جب اسلام آباد کے سب سے بڑے شاپنگ مال سینٹورس کی تعمیر شروع ہوئی۔ وہ اس شاپنگ مال کے شراکت داروں میں سے ایک ہیں۔گذشتہ چند سالوں سے ان کی سیاست میں دلچسپی پیدا ہوئی اور انہوں نے عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ سے قربت بڑھانا شروع کی۔ 2018 میں انہوں نے سینیٹ کے انتخابات میں پی ٹی آئی کا ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکے۔ 2018 ہی میں انہیں پنجاب کی نگران کابینہ کا حصہ بنایا گیا۔پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت کے قیام کے بعد انہیں پہلے سرمایہ کاری بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا گیا اور پھر وہ وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی مقرر ہوئے۔
اسی دوران انہوں نے آزاد کشمیر کی سیاست میں دلچسپی لینا شروع کی۔ پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان کے ساتھ اختلافات کی بنا پر کئی تنازعات کا شکار ہوئے۔ پاکستان میں تحریک انصاف کی کامیابی کے لیے جو کردار جہانگیر ترین نے ادا کیا ویسا ہی کردار آزاد کشمیر میں سردار تنویر الیاس کا رہا ہے ۔25 جولائی2021 کو ہونے والے انتخابات جیتنے کے بعد سردار تنویر الیاس کوپی ٹی آئی حکومت میں سنیر وزیر بنایا گیا تھا۔ ایک ہفتہ قبل سردار تنویر الیاس ان 25 ایم ایل ایز میں شامل تھے جنہوں نے آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کے وزیر اعظم سردار قیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر دستخط کیے تھے ۔
سردار قیوم نیازی تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے کے بجائے مستعفی ہوگئے تھے ۔ چنانچے پیر18 جولائی کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم کا انتخاب ہوا۔25 جولائی2021 کے انتخابات کے موقع پر تنویر الیاس کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کروائی گئی پانچ صفحات پر مبنی اثاثوں کی فہرست کے مطابق ان کے ملکیتی اثاثوں کی مجموعی مالیت لگ بھگ سات ارب روپے بنتی ہے۔
ان اثاثوں میں آزاد کشمیر میں جائیدادوں کے علاوہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے کئی علاقوں میں کروڑوں روپے مالیت کے فلیٹ، پلاٹ اور دکانیں شامل ہیں جبکہ اسلام آباد کے سب سے بڑے شاپنگ مال سینٹورس ، متعدد فلیٹس اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری بھی ظاہر کی گئی ہے۔جمع کروائی گئی تفصیلات میں ان کی اندرون و بیرون ملک جائیدادوں اور اثاثوں کی مجموعی مالیت ساڑھے سات ارب کے لگ بھگ بتائی گئی ہے۔