مظفرآباد(صباح نیوز) وزیرِ اعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کے لیے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس کل ہوگا
نوٹیفکیشن کے مطابق اجلاس پیر کی صبح ساڑھے 10 بجے قانون ساز اسمبلی ہال مظفر آباد میں ہو گا،سپیکرقانون ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق وزارتِ عظمیٰ کا انتخابی عمل مکمل کرائیں گے۔وزیرِ اعظم کے انتخاب میں 53 اراکینِ اسمبلی ووٹ ڈالیں گے، کامیابی کے لیے 27 ووٹ درکار ہوں گے۔
پی ٹی آئی کے 32، پیپلز پارٹی کے 12، مسلم لیگ ن کے 7 ووٹ ہیں جبکہ جے کے پی پی اور مسلم کانفرنس کا ایک ایک ووٹ ہے۔ چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان نے سردار تنویر الیاس کو وزارتِ عظمیٰ کا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔پیپلز پارٹی آزاد کشمیر اور مسلم لیگ ن کے مشترکہ امیدوار چوہدری یاسین ہوں گے۔
آزاد کشمیر کے آئین کے مطابق وزارتِ عظمی کا انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے ہو گا، وزیر اعظم کے الیکشن میں مقابلہ ون ٹو ون ہو گا۔دونوں اطراف سے کامیابی کے دعوے کئے جا رہے ہیں۔