فوج چوکس،دراندازی صفر،عنقریب وادی کشمیر ملی ٹنٹوں سے پاک ہوگی: بھارتی فوجی سربراہ کا دعوی


 نئی دہلی (کے پی آئی ) بھارتی فوجی سربراہ لیفٹنٹ جنرل ایم ایم نروانے نے دعوی کیا ہے کہ بھارت پاکستان کے کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں ،مبینہ دراندازی صفر تک پہنچ گئی ہے کیوں کہ سرحدوں پر تعینات فوج چوکس ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سرحد پر ایسے آلات نصب کئے گئے ہیں جس سے دراندازی کی کوششیں ناکام بنائی جاتی ہیں۔

بھارتی میڈیاکے مطابق نئی دہلی میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فوجی سربراہ لیفٹنٹ جنرل ایم ایم نروانے نے کہا کہ جب ملک کی فوج مضبوط ہو تب ہی جاکر عوام بھی محفوظ ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فوج کو ہر سطح پر مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس دوران انہوں نے دعوی کرتے ہوئے کہا کہ فوج کے لئے کسی بھی جگہ کسی بھی طرح کوئی بھی کارروائی کرنا کوئی مشکل نہیں ہے۔

 بھارتی فو جی سربراہ  کا دعوی تھا کہ فوج وادی کشمیرمیں کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور بہت جلد وادی کشمیر عسکریت پسندوں سے پاک قراردیا جائے گا  انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ جنگجو مخالف آپریشن کے دوران فوج انسانی حقوق کی پاسداری پر مکمل عمل پیرا ہے جس کے نتیجے میں شہری ہلاکتیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔

فوجی سربراہ کا کہنا ہے کہ فوج صرف ایک آواز پر کارروائی کرنے کیلئے تیار ہے ۔ فوجی سربراہ نے کہا کہ فوج ایک حکمت عملی کے تحت کام کررہی ہے اور ہماری پہلی کوشش یہ ہے کہ لائن آف کنٹرول پر کسی بھی طرح کی دراندازی پر قابو پانا ہے اور اس میں فوج بڑی حد تک کامیابی بھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دراندازی صفر تک پہنچ گئی ہے کیوں کہ سرحدوں پر تعینات فوج مستعد اور چوکس ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سرحدی پر ایسے آلات نصب کئے گئے ہیں جس سے دراندازی کی کوششیں ناکام بنائی جاتی ہے۔

نروانے نے کہا کہ نوجوانوں کی جانب سے بندوق اٹھانے کے رجحان میں کافی کمی واقع ہوئی ہے۔ بندوق اٹھانے کا مطلب موت کو گلے لگانے کے مترادف ہے۔ انہوںنے کشمیری نوجوانوں کے بارے میں کہاہے کہ کشمیری نوجوان کافی ذہین اور محنتی ہیں ان کو نہیں چاہئے کہ وہ کسی بہکاوے میں آکر ہتھیار یا پتھر اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ کشمیری نوجوان ریاست کی تعمیر و ترقی  اور امن کی فضا قائم کرنے کیلئے مین سٹریم میں شامل ہوکر اپنا مستقبل سنواریں گے