لاہور (صباح نیوز)پاک فوج کے افسر پر تشدد کے معاملہ میں گرفتار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی خواجہ محمد سلمان رفیق اور حافظ نعمان کو عدم ثبوت کی بنا پر رہا کردیا گیا۔ دونوں رہنما خود تفتیش میں شامل ہونے کے لئے تھانے پیش ہوئے تھے۔
پولیس نے کہا کہ دونوں کی تفتیش التواء میں رکھی گئی اور اسمبلی سیشن کے بعد دونوں سے دوبارہ پوچھ گچھ ہو گی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل لاہور کے علاقہ گارڈن ٹائون میں پاک فوج کے ایک افسر پر تشدد کیا گیا تھا جس کے بعد چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ یہ ملزمان خواجہ سلمان رفیق اور حافظ نعمان کے ساتھ تھے۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا تھااور دوروز قبل خواجہ سلمان رفیق اور حافظ نعمان تھانہ گارڈن ٹائون میں خود پیش ہو گئے تھے اورخواجہ سلمان رفیق نے قرآن مجید ہاتھ میں اٹھا کر حلفاً کہا تھا کہ ان کا اس معاملہ سے کوئی لینا دینا نہیں، وہ بغیر گارڈز کے سفر کرتے ہیں۔
پولیس کے مطابق دونوں رہنماؤں کو عدم ثبوت کی بنیاد پر وقتی طور پر رہا کردیا گیا ہے اوردونوں کی گرفتاری کو التواء میں رکھا گیا ہے اورمعاملہ ابھی تک زیر تفتیش ہے اوراسمبلی سیشن کے بعد دونوں سے دوبارہ پوچھ گچھ ہو گی اور کسی کے بھی پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔