فارن فنڈنگ کیس: الیکشن کمیشن کا سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) فارن فنڈنگ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے ترجمان کا مزید کہنا تھا یہ فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 14 اپریل کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کیسز  پر ہر طرح کا تعاون کرتی ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے فنڈنگ کیس کی بھی روزانہ سماعت کی جائے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ہم نے تمام ریکارڈ الیکشن کمیشن کو فراہم کردیا ہے، عوام دیکھ رہے ہیں کہ ادارے آئین و قانون کے تحت کام کریں، تحریک انصاف کی لیگل ٹیم فارن فنڈنگ کیس میں بھرپور شرکت کریگی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو فارن فنڈنگ کیس کا 30 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے محفوظ فیصلہ جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

فیصلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے فارن فنڈنگ کیس کا ریکارڈ اکبر ایس بابر کو دینے سے روکنے، اکبر ایس بابر کو ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کی کارروائی سے الگ کرنے کی پی ٹی آئی کی بھی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے درخواست خارج کردی۔پاکستان تحریک انصاف نے 25 جنوری اور 31 جنوری کو دائر درخواستیں مسترد کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کیا جبکہ ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس نومبر 2014 سے الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے۔

پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ نے اہم ہدایات جاری کی ہیں جس کے مطابق ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہوئی تو سیاسی جماعت اور اس کے چیئرمین کی حیثیت بھی متاثر ہو گی، اگر ممنوعہ فنڈنگ نکلی تو پی ٹی آئی کو نتائج بھگتنا ہوں گے، ضروری ہے کہ فنڈنگ کیس میں جلد سچائی تک پہنچا جائے، الیکشن کمیشن کو حقائق تک پہنچنے کیلئے کوئی بھی طریقہ اپنانے سے روکا نہیں جا سکتا۔ ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس نومبر 2014 سے الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے