بجلی 4 روپے 85 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی


اسلام آباد (صباح نیوز) بجلی 4 روپے 85 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی ،نیپرا نے ٹیرف میں اضافے کی منظوری دیتے ہوئے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے جبکہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے نیپرا کے ممبر سندھ رفیق شیخ نے اختلافی نوٹ لکھاہے ۔

جمعہ کے روز جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافہ کیا گیا ہے، بجلی فروری کے مہینے کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے،

نیپرا کے مطابق سی پی پی اے نے 4 روپے 94 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی،جنوری کے مہینے کیلئے بجلی 5 روپے 94 پیسے مہنگی کی گئی تھی،

نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ قیمت میں اضافے کا اطلاق اپریل کے مہینے کے بلوں پر ہوگا،ٹیرف میں اضافے کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا،

نیپرا کے مطابق فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے نیپرا کے ممبر سندھ رفیق شیخ نے اختلافی نوٹ لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ایل این جی کی قلت سے صارفین پرایک ارب 37 کروڑ روپے سے زائد کا بوجھ پڑا۔

ممبر سندھ کے مطابق ایل این جی کی بدانتظامی کا بوجھ صارفین پر نہیں ڈالا جاسکتا،

انہوں نے کہا ہے کہ بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے بروقت ایل این جی منگوائی جاسکتی تھی اوربہترین صلاحیت والے پاور پلانٹس کی بجائے کم صلاحیت والے پلانٹس چلائے گئے،

اختلافی نوٹ میں ممبر سندھ نیپرا نے بجلی کی خرید و فروخت کی معاہدے کے بغیر چلنے والے پلانٹس سے بجلی خریداری پر تحفظات کااظہاربھی کیا ہے۔