سندھ ہاوس حملہ کیس،پی ٹی آئی کے مستعفی 2ارکان کی 26 اپریل تک عبوری ضمانت منظور


اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سندھ ہاؤس حملہ کیس میں پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان قومی اسمبلی عطا اللہ اور فہیم خان کی 26 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔

جسٹس طارق محمود نے درخواست کی سماعت کی ،ملزمان کی جانب سے وکیل فیصل چوہدری اور وکیل علی رضا بخاری پیش ہوئے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود نے سماعت کے دوران پچاس پچاس ہزار روپے مچلکوں کے عوض پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت منظور کی۔

دونوں ارکان کی عبوری ضمانت 26 اپریل تک منظور کی گئی ہے۔اس موقع پر عدالت نے عطا اللہ اور فہیم خان کی مستقل ضمانت کی درخواست پر پولیس کو نوٹس جاری کردیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 26 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔