اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کو ہراساں کرنے سے روک دیا


اسلا م آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیاسی جماعتوں کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کو ہراساں کرنے سے روک دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کے گھروں پر چھاپوں کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی،

پی ٹی آئی رہنما علی نواز  اعوان کے وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے وکیل فیصل چوہدری سے استفسار کیا کہ آپ کو پتہ ہے کہ عدالت نے ایف آئی اے کو کس طرح ڈیل کیا؟فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ کل جو یہ سب کرا رہے تھے  وہ آج ان کے ساتھ ہیں،

چیف جسٹس نے مسکراتے ہوئے فیصل چوہدری سے مکالمہ کیا کہ یہ ذومعنی سی بات آپ نے کی ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈائریکٹر سائبر کرائم ونگ کو آج جمعہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا اور ہدایت کی کہ ایف آئی اے کسی طور بھی سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کو ہراساں نہ کرے۔