اسلام آباد (صباح نیوز)قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے سے انکار کردیا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ حکام نے کہا ہے کہ انفرادی طور پر استعفوں کی تصدیق کے بغیر استعفے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو نہیں بھجوائے جاسکتے جبکہ قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری 22اپریل تک تمام استعفے منظور کرنا چاہتے ہیں۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق قاسم سوری اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد سے بچنے کے لئے موجودہ قومی اسمبلی اجلاس کو طول دے رہے ہیں۔
اسمبلی سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق عدم اعتماد کی تحریک کے لئے نیا اجلاس بلایا جانا ضروری ہے تاہم قاسم سوری اس سے راہ فراراختیارکررہے ہیں جبکہ قاسم سوری نے مئوقف اپنایا ہے کہ قواعد وضوابط کے مطابق اجلاس ملتوی کرنا میرا اختیار ہے۔