اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کا سب پہلا مقصد معیشت کی بحالی اور اسے سنبھالنا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پونے چار سال میں 20ہزار ارب روپے کے قرضے لئے گویا ہمارے پانچ سالوں کے مقابلہ میں دوگنے قرضے لئے اوراس سے ایک اینٹ نہیں لگی۔ہم نے اگلے انتخابات کے لئے اصلاحات کے ایجنڈے پر اتفاق کرنا ہے اور اسے منظور کروانا ہے تاکہ جب بھی الیکشن کمیشن الیکشن کے لئے تیارہو گا تو ہم آزادانہ اور منصفانہ الیکشن کرواسکیں۔ عمران نیازی جو کہ ایک سپورٹس مین تھے ان سے توقع یہ کی جاتی تھی کہ وہ سپورٹس مین شپ کے رویہ کو پروان چڑھائیں گے لیکن انہوں نے اپنی سیاست نفرت، نفرت اور نفرت کے اوپر کھڑی کی ہے۔
ان خیالات کااظہار احسن اقبال نے سرکاری ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ احسن اقبال نے کہاکہ گزشتہ حکومت ڈالر کو روپے کے مقابلہ میں 191روپے تک لے گئی تھی اور پالیسی ریٹ بھی اڑھائی فیصد بڑھا جو معیشت کے لئے بہت بڑا جھٹکا ہے اور پاکستان کی تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے لئے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ (ن)لیگ کی حکومت کے دوران10ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا گیا جس سے تقریباً11ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگے، دوہزار کلو میٹر موٹرویز بنیں اور تاریخ ساز منصوبنے ملک سب کو نظر آتے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پونے چار سال میں 20ہزار ارب روپے کے قرضے لئے گویا ہمارے پانچ سالوں کے مقابلہ میں دوگنے قرضے لئے اوراس سے ایک اینٹ نہیں لگی۔ ملک پر قرضوں کا بوجھ اور معاشی بوجھ اتنا بڑھا دیا ہے کہ معیشت میں اب اتنی سکت نہیں رہی، یہ چیلنجز ہیں ہم نے معیشت کو دوبارہ بحال کرنا ہے، اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے اور عوام کے لئے کچھ آسانی پیدا کرنی ہے وہ تبھی ہو گی جب معیشت اپنے پیروں پر کھڑی ہو گی۔
احسن اقبال نے کہا کہ کراچی اور سندھ کے تمام اہم شراکت دار ایک پلیٹ فارم پر ہیں، کراچی اور سندھ کے اندر جو مسائل تھے ان کی بڑی وجہ دیہی اور شہری علاقوں کی تقسیم رہی ہے، اب نئی حکومت کے اتحاد سے اس تقسیم کو ختم کرنے میں مدد ملے گی، سندھ حکومت نے بھی ایم کیو ایم کے ساتھ مفاہمت کی ہے جس کے تحت کراچی اور دیگر شہری علاقوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے سندھ حکومت اپنا کردار ادا کرے گی اور وفاقی حکومت بھی اپنا کردار ادا کرے گی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کراچی کے پانی اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کو حل کرنے کے لئے وفاق کی جانب سے پورے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔تمام اتحادی جماعتوں نے ملک کے مسائل کو قومی چیلنج سمجھ کر انہیںٹھیک کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہے، سب نے اپنا حصہ بھی ڈالنا ہے اور بہترین کارکردگی کا بھی مظاہرہ کرنا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ تمام اتحادی جماعتیں اسی جذبہ کے تحت کام کریں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی جو کہ ایک سپورٹس مین تھے ان سے توقع یہ کی جاتی تھی کہ وہ سپورٹس مین شپ کے رویہ کو پروان چڑھائیں گے لیکن انہوں نے اپنی سیاست نفرت، نفرت اور نفرت کے اوپر کھڑی کی ہے اور ایک ایسا تاثر بنایا ہے کہ ان کے علاوہ کوئی مجب وطن نہیں ، ان کے علاوہ کوئی ایماندرا نہیں ، ان کے علاوہ کوئی پاکستانی نہیں، یہ ہمارے لئے بڑا چیلنج ہے کہ ہم نے معاشرے کو منشر ہونے اورانتشار سے بچانا ہے اورقومی یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم ایک دوسرے کے ساتھ لڑیں گے تو پھر دشمن کو ہمیں کمزور کرنے کی ضرورت نہیں ، دشمن تو گھر بیٹھے جیت جائے گا، یہ رویے ختم کرے کے ہمیں ملک کے اندر افہمام وتفہیم کو فروغ دینا ہے اور اگر اختلاف کرنا بھی ہے تو ضروری نہیں کہ وہ اختلاف نفرت میں تبدیل ہو ۔