قانون کی بالادستی ،مہنگائی کا خاتمہ ، آئی ایم ایف سے چھٹکارا، سودی معیشت سے نجات حکو مت کی ترجیح اول ہو نی چاہیے۔میاں محمد اسلم


اسلام آباد (صباح نیوز ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو محض الزام تراشی اور سابقہ حکومت کی بری کارکردگی کا رونا رونے کی بجائے اپنی کارکردگی دکھانا ہو گی، ملک میں قانون کی بالادستی ،مہنگائی کا خاتمہ ، آئی ایم ایف سے چھٹکارا، سودی معیشت سے نجات حکو مت کی ترجیح اول ہو نی چاہیے ، انھوں نے کہا  ملک میں مہنگائی کے سونامی نے غریب آدمی کا جینا دُوبھردیا ہے ، حکو مت کا اعلان کردہ رمضان پیکیج مجبور اور بے بس عوام کو دوربین لگا کر بھی کہیں نظر نہیں آرہا ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جی تیرا میں عوامی دعوت افطار کے شر کاء سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ، اس مو قع پر ناظم زون مولانا عزیز الرحمن ، مولانا حضرت سید نے بھی خطاب کیا ۔میاں محمد اسلم نے کہا رمضان المبارک ہمیں قرآ ن کے ساتھ تعلق مضبوط اور اللہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق زندگی کی تربیت دیتا ہے، تاکہ سال کے باقی گیارہ ماہ میں بھی اسی ذوق و شوق کے ساتھ اللہ کی اطاعت و فرمانبرداری کو ہر چیز پر مقدم رکھا جائے، قران پاک کا پڑھنا اورا سکو سمجھنا اس پر عمل کرنا اوراس کے قوانین کے نفاذ کے لیے جدوجہد کرنا امت کے ہر فرد پر واجب ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کا بہت بڑا انعام ہے جو ستائیسویں رمضان کو معرض وجود میں آیا،اس لیے پاکستانی قوم پر دہری ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں قرآن کے نظام کے نفاث کے عہد کو پورا کریں۔