پاکستان مہنگائی بیروزگاری، کرپشن سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہے ۔ میاں محمد اسلم


اسلام آباد(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ  رمضان المبارک ہمیں قرآ ن کے ساتھ تعلق مضبوط کرنے اور اللہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق زندگی گزارنے کی تربیت دیتا ہے،  رمضان المبارک کا تقاضا ہے کہ قرآن کے نظام کو ملک میں نافذ کیا جا ئے ، اللہ کے قانون پر اپنے بنائے ہوئے قوانین کو ترجیح دینا اللہ کے غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔

انھوں نے کہا قران پاک کا پڑھنا اورا سکو سمجھنا اس پر عمل کرنا اوراس کے قوانین کے نفاذ کے لیے جدوجہد کرنا امت کے ہر فرد پر واجب ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل تر نول میں افطار پارٹی کے شر کاء سے  خطاب کر تے ہو ئے کیا اس موقع پر امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا، مفتی امتیاز مروت نے بھی خطاب کیا  ۔

میاں محمد اسلم نے کہااللہ کے نظام سے بغاوت کے باعث انفرادی و اجتماعی مسائل کا ایک جنگل آباد ہو چکا ہے، اسلامی مملکت کے شہری ہونے کے ناطے عوام کا حق ہے کہ انہیں اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کے مواقع مہیا کیے جائیں۔ جماعت اسلامی ایسا پاکستان چاہتی ہے جس میںیکساں قانون، سودی نظام کا خاتمہ، یکساں نظام تعلیم وصحت ، روزگاراور امن و سکون ہو، آج ملک مہنگائی بیروزگاری، کرپشن سمیت جن بے شمار مسائل کا شکار ہے اس کی واحد وجہ اسلامی نظام کا عدم نفاذ ہے،

انھوں نے کہا پاکستان اور اسلام ایک دوسرے کے ساتھ لازم و ملزوم ملک کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے، اس لئے حکمران اپنے دعووں کے مطابق مہنگائی کے خاتمے سے لیکر مدینہ کی مثالی ریاست کے قیام کیلئے عملی اقدامات کریں۔