نئی دہلی(صباح نیوز) ایک بھارتی عدالت میں خاتون سمیت 25کشمیریوں کے خلاف بھارت کے خلاف سازش کے الزام میں چارج شیٹ دائر کر دی گئی ہے ۔
بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے نئی دہلی میں این آئی اے کی عدالت میں اپنی چارج شیٹ میں الزام لگایا ہے کہ یہ نوجوان بھارت کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے سازش کا حصہ تھے ۔ یہ نوجوان عسکری اور سائبر محاذ پر بھارت کے خلاف سرگرم تھے۔بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں سے چھاپوں کے دوران ان نوجوانوں کو گرفتار کیا تھا ان کے خلاف گزشتہ سال 10اکتوبر کو مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔
چارج شیٹ میں سری نگر کی رہنے والی خاتون صوبیہ عزیز میر بھی شامل ہے ۔ اس پر بھی الزام ہے کہ وہ بھارت کے خلاف سازش کا حصہ ہے ۔کے پی آئی کے مطابق این آئی اے نے بشیر احمد پیر، امتیاز کاندو ، بلال احمد میر ، اویس احمد میر ، طارق احمد ڈار ، طارق احمد بافندا، محمد حنیف ، حنان گلزار ڈار، متین احمد بٹ ، کامران اشرف ریشی ، ریاض بشیر ، محمد منان ڈار، زمین عادل بٹ ، حارث ناصر، رئوف احمد بٹ، ثوبیہ عزیر ، عامر احمد گوجری ، صداقت امین ملک،اشفاق وانی ، رشید گنائی ، ناصر احمد میر ، عرفان طارق ، سہیل احمد ، عادل احمد وار اور عارف فاروق بٹ کے خلاف چارج شیٹ دائر کی ہے ۔ ایک بیان میں بھا رتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے ترجمان نے کہا ہے کہ ان نوجوانوں کا تعلق حزب المجاہدین ، البد ر مجاہدین ، جیش محمد اور لشکر طیبہ سے ہے ۔