اسلام آباد(صباح نیوز) تحریک حریت جموں کشمیر کے کنوینر غلام محمد صفی نے سینئر صحافی اور العربیہ نیوز چینل دبئی کے ایڈیٹر منصور جعفر کے والد کیپٹن (ریٹائرڈ) جعفر علی مرحوم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہا ر کیا۔
اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ منصور جعفر صحافتی محاذ کے ایک سرگرم کارکن ہیں۔ ان کی سفارتی محاذ پر بھی گرانقدر خدمات ہیں۔ ان کا دکھ ہم سب کا مشترکہ دکھ ہے۔
غلام محمد صفی نے کہا کہ منصور جعفر کے والد کی جدائی نہ صرف غمزدہ خاندان کے لیے سوہان روح ہے بلکہ ہمارے دل بھی رنجیدہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غم کے ان لمحات میں ہماری ساری ہمدردیاں مرحوم کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے پاکستانی فوج میں اندرون اور بیرون ملک خدمات سرانجام دی ہیں۔ وہ سماجی حیثیت سے خوب جانے اور پہچانے جاتے تھے۔
دفتر تحریک حریت راولپنڈی میں ان کی بلندی درجات کے لیے دعائیہ مجلس کا اہتمام ہوا۔ غلام محمد صفی نے غمزدہ خاندان کے لیے صبر جمیل کے ساتھ ساتھ مرحومین کے حسنات کی قبولیت اور سیات سے درگزر کے لیے اللہ سے دعا کی۔