شیخ رشید اور عمران خان کی بڑی پریشانی اسٹیبلشمنٹ کی نیوٹریلٹی ہے،حافظ حمداللہ


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ترجمان حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ شیخ رشید اور عمران خان کی سب سے بڑی پریشانی اسٹیبلشمنٹ کی نیوٹریلٹی ہے،عمران خان آئینی بحران پیدا کرکے پورے سسٹم کو ڈی ریل کرنا چاہتا ہے۔

شیخ رشید کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے حافظ حمداللہ نے بیان میں کہا کہ شیخ رشید اسٹیبلشمنٹ کو سیاست میں مداخلت کی دعوت دے کرآئین سے بغاوت کا مرتکب ہورہا ہے ، شیخ رشیدکے کہنے پر اسٹیبلشمنٹ مداخلت نہیں کریگی، شیخ رشید اور عمران نیازی کی سب سے بڑی پریشانی اسٹیبلشمنٹ کی نیوٹریلٹی ہے ، شیخ رشید صاحب سن لو عمران نیازی کے کرسی بچانے کیلئے کوئی نہیں آئیگا، نیازی کو اپنوں نے بھی ساتھ نہ دینے کا دو ٹوک جواب دیدیا۔

ترجمان پی ڈی ایم نے کہا کہ شیخ رشید آپکی سیاست لال حویلی میں نہیں نالہ لئی میں دفن کرکے دم لیں گے، انسانی شکل میں اگر شیطان ہوتا تو شیخ رشید جیسا ہوتا۔حافظ حمداللہ نے کہا کہ تحریک عدم اعتمادکامیاب ہوتے ہی عمران نیازی وزیراعظم نہیں رہیں گے، الیکشن کا فیصلہ آنے والی حکومت کریگی۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران نیازی ایک طرف امن وامان کا مسئلہ پیدا کررہا ہے تو دوسری طرف آئینی بحران پیدا کرکے پورے سسٹم کو ڈی ریل کرنا چاہتا ہے۔