وزیر اعظم باعزت طریقے سے استعفیٰ دے کرگھر جائیں، شیری رحمن


اسلام آباد ( صباح نیوز ) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر  شیری رحمان نے کہا ہے کہ  وزیر اعظم با عزت طریقے سے استعفی دے کر گھر جائیں ۔ آپ عالمی ممالک کے ساتھ تصادم کی صورتحال پیدا کررہے، عمران خان نئی حکومت کیلئے اندرونی اور خارجی بحران پیدا کررہے ہیں، تاخیری حربے اور بیانیہ حکومت کو نہیں بچا سکتے، وزیراعظم باعزت طریقے سے استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان خود کو شہید ذوالفقار بھٹو کی طرح خودار لیڈر ثابت کرنا چاہا رہے تھے، وہ اب کہتے ہیں کہ ان کی جان کو خطرہ ہے، شہید بھٹو نے جوہری طاقت اور آزاد خارجہ پالیسی دی، مسلم دنیا کو اکٹھا کیا، آپ نے دہشت گردی کے خلاف کوئی پوزیشن نہیں لی۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے دہشتگردوں کو للکارا تھا، آصف زرداری نے امریکا سے شمسی بیس واپس لیا تھا، سی پیک کی بنیاد رکھی تھی، آپ نے ایسا کیا کارنامہ کیا ہے جو آپ دنیا کے لیے خطرہ ہوگئے ہیں؟۔

ا نہوں نے کہا کہ وزیراعظم بیانیہ بنا کر عدم اعتماد سے بچنے کیلئے اپنے کارکنوں کو انتشار پر اکسا رہے ہیں، عمران خان اپنی کرسی بچانے کے خاطر سلامتی اور آئینی بحران پیدا کررہے ہیں، وہ ریاستی مفادات، ملکی سلامتی اور بین الاقوامی تعلقات کو دا ئو پر لگا رہے ہیں۔