اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ عمران خان اقتدار ہاتھوں سے جاتا دیکھ کر جو کچھ کہہ رہے ہیں اس سے نہ صرف ان کی شخصیت کا سطحی پن ظاہر ہو رہا ہے بلکہ وہ پاکستان کو بھی شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔
یہ بات مسلم لیگ(ن)کے سینیٹر عرفان صدیقی نے یہاں صحافیوں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ خان صاحب تاریخ کی کی سب سے بڑی دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آئے، پونے چار سال قوم اور ملک کی تقدیر سے کھیلتے رہے اور اب جاتے جاتے ایک جمہوری آئینی مشق کو امریکی سازش قرار دینے کا ڈرامہ رچا کر انہوں نے اپنی رخصتی کو بھی ایک شرمناک واردات بنا ڈالا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ دفتر خارجہ کی الماریاں اس طرح کی سفارتی جائزہ رپوٹوں بلکہ اس سے کہیں زیادہ سنگین دھمکی آمیز مراسلوں سے بھری پڑی ہیں۔یہ روزانہ کا معمول ہے۔1998میں وزیر اعظم نواز شریف کو جس طرح کے مراسلے آئے اور ٹیلی فون کا لز پر جو کچھ کہا گیا،اس سے زیادہ سنگین دھمکیوں کا تصور تک نہیں کیا جاسکتا۔نواز شریف نہ ڈرا، نہ دھمکیوں کی پروا کی، نہ حواس باختہ ہوا،نہ جلسوں میں خط لہرایا۔اس نے دھمکیوں کا جواب چھ ایٹمی دھماکوں کے ذریعے دیا،خان صاحب اپنے سیاسی مفادات کے لئے ایک مشکوک مراسلے کو ڈھال بنا کر قومی سلامتی سے کھیل رہے ہیں جو نہایت افسوس ناک ہے۔