ڈوبتی ہوئی حکومت اب مبینہ خط کو سہارہ بنا کر بچنا چاہتی ہے، شیری رحمان


اسلام آباد (صباح نیوز)سینیٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر اورسینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کی چیئرپرسن شیری رحمان نے کہا ہے کہ ڈوبتی ہوئی حکومت اب مبینہ خط کو سہارہ بنا کر بچنا چاہتی ہے۔ ایم کیو ایم، بی اے پی، جمہوری وطن پارٹی اور آزاد ارکان کی اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کے بعد عمران خان کو وزیراعظم کا منصب پر ایک دن بھی نہیں رہنا چاہئے تھا۔ ورکرز کو انتشار پر اکسانے سے بہتر ہے عمران خان استعفیٰ دے دیں۔

ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے جمعرات کے روز سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ آج اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس عدم اعتماد پر ووٹنگ میں تاخیر کا کوئی آئینی و اخلاقی جواز نہیں ہوگا۔ عمران خان کی مصنوعی اکثریت اب اقلیت میں تبدیل ہو چکی ہے۔ عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوئی تو آج عمران خان کے سلیکٹڈ حکومت کا آخری دن ہوگا۔ عمران خان کس غیبی امداد کے انتظار میں ہیں؟