اسلام آباد(صباح نیوز)گوادر سے آزاد رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے حکومتی اتحاد سے علیحدگی کر کے اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا۔
گوادر سے آزاد رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری، سابق صدر آصف علی زرداری، پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ایاز صادق، سردار اختر مینگل اور مولانا عبدالغفور حیدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گوادرسے آزاد حیثیت سے رکن منتخب ہوا تھا، الیکشن آرہا ہے اب ہماری الیکشن کی طرف نظرہے، آصف زرداری کے میرے اوپربہت احسانات ہیں۔ سابق صدر جہاں بھی جائیں گے ان کا ساتھ دوں گا۔ ان کا حکم تھا میں حاضر ہو گیا ہوں۔ بلاول کا عزت دینے پر شکرگزار ہوں۔ زرداری کے دور میں بلوچستان کا این ایف سی ایوارڈ بڑھا۔
انہوں نے کہاکہ میں اپوزیشن نہیں بلکہ آصف زرداری کے ساتھ ہوں ان کے بہت احسانات ہیں مجھ پر، آصف زرداری جہاں ہیں میں بھی ان کے ساتھ ہوں، اپوزیشن رہنماوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق صدر آصف زرداری نے کہاکہ مسلم لیگ ق سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاسی لوگوں کا رابطہ تو رہتا ہے، تمام پارٹیوں کو مل کر ملک کو بچانا ہو گا، مسلم لیگ (ق) والے تیار تھے پتا نہیں کیا ہوا۔ رات بارہ بجے وہ مجھے مبارک باد دینے اور لینے آتے ہیں، مگر معلوم نہیں پھر ق لیگ کو کیا ہوا، جس کواپوزیشن نامزد کرے گی وہی وزیراعلی پنجاب بنے گا۔ پنجاب میں بھی ہم اپنی مرضی کی تبدیلی لائیں گے، پنجاب میں مشاورت سے وزیراعلی کا امیدوارلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سب کو احساس ہے پاکستان کو بچانا ہے، کچھ دوست پاور اور ہم پاکستان کا سوچ رہے ہیں، اقتدار تو آتا جاتا رہتا ہے، ہم سب نے مل کر ریفارمز کرنی ہے۔ اب پنجاب کے حوالے سے ملکر فیصلہ کریں گے، اب پرویز الہی نے دیر کر دی ہے، اب وزیراعلی پنجاب وہی ہوگا جس کا فیصلہ اپوزیشن کرے گی، نمبرز گیم صرف ہمارے پاس ہیں۔
سابق صدر نے کہا کہ پرویز مشرف بھی ملک کواسی نہج پرلے آیا تھا، مشرف کے بعد ہم نے حالات کو سنبھالا تھا، اس دفعہ بھی بیٹھ کرآئندہ کا راستہ بھی بنالیں گے۔ ایم کیوایم کی کسی ڈیمانڈ پر انکارنہیں کیا، پاکستان، کراچی کی ترقی کے لیے ہم نے ایم کیوایم کے ساتھ میوچل ورکنگ شپ قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارلیمان میں سلیکٹڈ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد پیش کردی ہے، کل ایک تاریخی دن تھا، متحدہ اپوزیشن نے کل تحریک عدم اعتماد پیش کیا، کل بلوچستان عوامی پارٹی نے حکومت چھوڑنے کا اعلان کیا، آج اسلم بھوتانی کے شکر گزار ہیں وہ ہمارے ساتھ ہیں، پاکستان کے عوام کے ساتھ اس مرحلے میں کھڑے ہو رہے ہیں، متحدہ اپوزیشن اسلم بھوتانی کو سیلوٹ کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں تک عمران خان کے جھوٹے الزامات ہیں اس کو ہم چیلنج کرتے ہیں وہ خط سامنے لائیں، متحدہ اپوزیشن کی تعداد تحریک عدم اعتماد کے وقت تعداد مکمل تھی آج اس سے بھی زیادہ ہے، ہم اپنی تعداد کے ساتھ ساتھ اتحادیوں کو اس لئے ساتھ لے کر چلے تاکہ اصلاحات اور مسائل کا حل نکالیں، ایم کیو ایم کا کوئی ایسا مطالبہ نہیں ہے جس سے آج تک انکار کیا گیا ہو، ہر صورت اور ہر حال میں ملکی و کراچی کی ترقی کے لئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے۔بی این پی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ہم گوادر سے آزاد رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
جے یو آئی کے رہنما عبد الغفور حیدری نے کہا کہ آج اپوزیشن کے لیے خوشی کا دن ہے، وزیراعظم کے پاس اکثریت نہیں ہے، ان کے پاس عہدے پر رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ آزاد رکن قومی اسمبلی نے ایسا کیل ٹھونکا ہے کہ عمران خان استعفی دے دیں۔
لیگی رہنما ایاز صادق نے کہا کہ اسلم بھوتانی کو خوش آمدید اورمبارکباد دیتا ہوں، کیا وجہ ہے لوگ حکومت کو چھوڑ کر اپوزیشن میں جا رہے ہیں، شاہ زین بگٹی، باپ پارٹی کے بعد اسلم بھوتانی نے اپوزیشن کوجوائن کر لیا ہے۔