اسلام آباد(صباح نیوز)چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وینگ ژی کی دعوت پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے وزرا خارجہ کے تیسرے اجلاس میں شرکت کے لئے چین کے دورے پر روانہ ہوگئے ۔
افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے وزرا خارجہ کا تیسرا اجلاس آج سے شروع ہوا جو31مارچ تک جاری رہے گا ۔ہمسایہ ممالک کے وزارتی اجلاس میں شرکت کرنے کے علاوہ وزیر خارجہ شریک ممالک کے ہم مناصب سے ملاقاتیں کریں گے۔
یاد رہے کہ افغانستان کی صورتحال پر علاقائی طرز فکر کی تشکیل کے نکتہ نگاہ سے ستمبر 2021 میں پاکستان نے ہمسایہ ممالک کے طریقہ کار کا آغاز کیا گیا تھا۔ پاکستان نے 8 ستمبر2021 میں ہمسایہ ممالک کے وزرا خارجہ کے پہلے اجلاس کی میزبانی کی تھی۔پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے فروغ کے لئے افغانستان پر علاقائی طرز فکر اپنانے کا مکمل حامی ہے۔