سیاسی مسائل اور بحرانوں کا حل آئین پاکستان کی بجائے سڑکوں پر  ڈھونڈنے سے انتشار اور افراتفری  میں مزید اضافے کا باعث بنے گا،لیاقت  بلوچ


راولپنڈی(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت  بلوچ نے کہا ہے کہ سیاسی مسائل اور بحرانوں کا حل آئین پاکستان کی بجائے سڑکوں پر  ڈھونڈنے سے انتشار اور افراتفری  میں مزید اضافے کا باعث بنے گا۔  حکومت اور اپوزیشن اسمبلی فلور پر اپنی اپنی گنتی شو کریں تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی واضع ہو جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کی ڈونرز کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس ڈونرز کانفرس سے جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پنجاب شمالی اقبال خان ،امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی ،صدر جمعیت اتحادالعلما پنجاب شمالی قاری امیر عثمان ،ضلعی جنرل سیکرٹری عثمان کاش اور دوسرے رہنماوں نے بھی اظہار خیال کیا ۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے اپنے انتخابی وعدے پورے کرنے یا عوامی مسائل کو حل کرنے کی بجائے بد زبانی،بد تہذیبی اور گالم گلوچ کے کلچر کو پروان چڑھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آ ئینی راستہ اختیار کرنے کی بجائے فرار کی راہیں تلاش کرنے والی حکومت نقصان میں رہے گی۔ عدم اعتماد کے حوالے سے ئین بڑا واضع ہے۔ ہارس ٹریڈنگ اور ضمیر فروشی نے ہماری سیاست کو داغدار کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اتحادی سیاست کی خباثتوں کی وجہ سے ہی یہ فیصلہ کیا ہے کہ اپنے انتخابی  نشان اور اپنے نام کے ساتھ آ ئندہ الیکشن میں حصہ لیں گے۔ الحمد للہ جماعت اسلامی کے کسی رہنما پر کرپشن کا کوئی داغ اور دھبہ نہیں ہے۔ جماعت اسلامی کی امانت اور دیانت کے سبھی معترف ہیں ۔ جماعت اسلامی کے افراد کو جہاں بھی موقع ملا ہے ،ڈلیور کیا ہے اور حکومت میں نہ ہوتے ہوئے بھی عوام کی خدمت کا ریکارڈ جماعت اسلامی کا ہی ہے۔

اقبال خان نے کہا کہ جماعت اسلامی زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں خدمات سر انجام دے رہی ہے۔اب اس کو عوامی تائید اور ووٹ کی طاقت میں تبدیل کرنا ہے۔سید عارف شیرازی نے ڈونرز کانفرنس میں شرکت کرنے اور جماعت اسلامی کے بیت المال کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں اپنا حصہ ڈالنے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔