نالائق حکومت کے خلاف کسی کو سازش کرنے کی ضرورت نہیں، شیری رحمان


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ نااہل اور نالائق حکومت کے خلاف کسی کو سازش کرنے کی ضرورت نہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے وزیراعظم کے خطاب کے حوالے سے بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان  آپ خود کا شہید ذوالفقار علی بھٹو سے موازنہ نہ کریں کیونکہ بھٹو بننے کے لئے وژن، جرات اور ہمت چاہئے جو خود پھانسی چڑھ گئے لیکن ملک و عوام کے لئے آخری سانس تک ڈٹے رہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے خطاب میں سرپرائز تو نہیں ملا لیکن تحریک انصاف کے کارکنان کا دل رکھنے کے لئے ایک خط ضرور لہرایا گیا اور الزام عائد کیاگیا کہ حکومت کے خلاف بیرونی سازش کی جارہی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی سازش متعلق خط پارلیمنٹ کی نیشنل سکیورٹی کمیٹی میں کیوں پیش نہیں کیا گیا؟، اس نااہل اور نالائق حکومت کے خلاف کسی کو سازش کرنے کی ضرورت ہی نہیں کیونکہ وزیراعطم عمران خان نے ملک و عوام کو تباہ کرنے کے علاوہ کیا کیا ہے ۔