وفاداریاں اور پارٹیوں کی ٹکٹیں خریدنے والوں کے ساتھ انھیں پارٹی ٹکٹیں دینے والے بھی قومی مجرم ہیں،لیاقت بلوچ


لاہور (صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ 150افراد ہر مرحلے پر وفاداریاں بدلتے اور پارٹیوں کی ٹکٹیں خریدنے والے جہاں قومی مجرم ہیں وہاں اصل جرم دار وہ پارٹیاں ہیں جو خود کو آئین کا محافظ، جمہوریت کے علمبردار کہتے ہیں اور یہ وہی پارٹیاں ہیں جنھیں اقتدار ملا ہے یا اس وقت اقتدار پر براجمان ہیں۔ جب فوجی حکمران آ جائیں تو یہ طبقہ ان کے بوٹوں کے پالش اور گملوں کی آبیاری کرنے لگ جاتا ہے۔ آج ٹریڈ یونینز دم توڑ رہی ہیں۔ سرمایہ دارانہ نظام میں مزدوروں کو جان بوجھ کر دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔ جماعت اسلامی مزدوروں کے دکھ درد کی ساتھی اور ان کے حقوق کی علمبردار ہے۔ حافظ سلمان بٹ مرحوم، ارشد چودھری، رانا محمد اسحاق جیسے مزدور دوست رہنماؤں نے ریلوے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے جو خدمات سرانجام دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں ریلوے پریم یونین کے مرکزی ذمہ داران و عہدیداران کی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر این ایل ایف کے مرکزی صدر شمس الرحمن سواتی، ریلوے پریم یونین کے چیئرمین ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ، صدر شیخ محمد انور، سیکرٹری جنرل خیبر محمد تونیو اور امین منہاس بھی موجود تھے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ مزدوروں کی تنخواہوں اور مراعات میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے۔ جماعت اسلامی محنت کشوں کی دست و بازو ہے۔ سرمایہ دارانہ، جاگیردانہ، جابرانہ ریاستی نظام کے مقابلے میں لیبر یونینز کو منظم کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ مزدوروں کو سوشل سیکیورٹی، لیبر ویلفیئر پروگرامات میں شامل کیا جائے۔

این ایل ایف کے مرکزی صدر شمس الرحمن سواتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سرکاری اعداوشمار کے مطابق ساڑھے سات کروڑ مزدور ہیں، لیکن لیبر قوانین کے دائرہ کار میں صرف 36لاکھ اسی طرح سماجی بہبود کے پروگرام میں 40لاکھ مزدور استفادہ حاصل کر رہے ہیں باقی سات کروڑ مزدور اپنے آئینی، قانونی، سماجی، معاشی حقوق سے محروم ہیں جن کے ذمہ دار حکمران اور ادارے ہیں۔

ریلوے پریم یونین کے چیئرمین ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پریم یونین ریلوے کے محنت کشوں کا استحصال برداشت نہیں کرے گی۔ ریلوے میں نجکاری اور ڈاؤن سائزنگ ہرگز نہیں ہونے دیں گے۔

ریلوے پریم یونین کے صدر شیخ محمد انور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے پینشنرز کو فی الفور پنشن ادا کی جائے اور مہنگائی کے تناسب سے ریلوے ایمپلائز کی تنخواہوں میں 25فیصد اضافہ کیا جائے۔ پریم یونین ریلوے ورکرز کے تمام مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے۔