حکمرانوں سے قوم بد ظن اور نوجوان مایوس ہوچکے ہیں،جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جب سے تحریک انصاف برسر اقتدار آئی ہے کوئی ایک وعدہ ایسا نہیں جو پوراکیا گیا ہو۔ حکمرانوں کی ناقص کارکردگی سے قوم بد ظن اور نوجوان مایوس ہوچکے ہیں۔ آٹھ ہزارسے زائد ہر سال اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان وطن عزیز کو خیر باد کہہ دیتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز منصورہ میں اہم جلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل مہنگائی میں ہوشر با اضافہ ہوگیا ہے۔ ذخیرہ اندوزوں ، ناجائز منافع خوروں نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا  سلسلہ شروع کردیا۔ بابرکت مہینہ ایثار و قربانی اور صبر کا درس دیتا ہے مگربد قسمتی سے حکومت کی انتہائی کمزور گرفت کی وجہ سے پاکستان میں مافیا بلا خوف و خطر اپنا کام کرتا ہے اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوںمیں اضافہ کردیتا ہے۔ عوام کو درپیش مسائل کے حل تک عوام کو ریلیف فراہم نہیں ہوسکتا ۔ عوام کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔ المیہ یہ ہے کہ حکومت اور نام نہاد اپوزیشن دونوں کو غریب عوام سے کوئی سروکار نہیں ۔ دونوں اپنے مفادات کی خاطر اقتدار کے حصول کی جنگ لڑرہے ہیں۔ ملک کو لوٹنے والے سب بے نقاب ہوچکے ہیں۔ اب وقت کا تقاضا ہے کہ پارٹیاں ، نعرے اور چہرے بدل بدل کر اقتدار میں آنے والے بہروپیوں سے نجات حاصل کی جائے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ایک طرف ملک میں گھی سب سے مہنگا 484 روپے فی کلو، 20 کلو گندم آٹے کا تھیلا 9 روپے اضافے سے اوسطاً1172 روپے تک پہنچ گیا، مختلف شہروں میں آٹے کا تھیلا 1100 روپے سے 1500 روپے تک فروخت ہورہا ہے جبکہ دوسری جانب آئی ایم ایف کی جانب سے اب تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کا اضافی بوجھ ڈالنے کا حکم لمحہ فکریہ ہے۔ حکومت پاکستان مکمل طور پرآئی ایم ایف کے سامنے لیٹ چکی ہے۔