لاہور(صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پتنگ بازی کرنے والے افراد کیخلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جائے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور کے بعض علاقوں میں پتنگ بازی کے واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ پتنگ بازی کے واقعات کا ہونا کسی صورت قابل برداشت نہیں۔وزیراعلی پنجاب نے پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے، انتظامیہ اور پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔
عثمان بزدار نے مزید کہا کہ پولیس اور انتظامیہ پتنگ بازی روکنے کیلئے مزید موثر اقدامات اٹھائیں اور ڈور پھرنے سے زخمی ہونے والے 2شہریوں کو بہترین علاج معالجہ فراہم کیا جائے۔
واضح رہے کہ ملک کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں 2 مختلف مقامات پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے 2 افراد زخمی ہو گئے۔
لاہور میں پہلا واقعہ نواں کوٹ کے علاقے میں پیش آیا جہاں پتنگ کی ڈور پھرنے سے اویس نامی نوجوان زخمی ہو گیا۔
دوسرا واقعہ قرطبہ چوک پر پیش آیا جہاں ابراہیم نامی نوجوان گلے پر ڈور پھرنے سے زخمی ہو گیا۔
دونوں زخمیوں کو سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔سروسز ہسپتا ل حکام کے مطابق زخمی ابراہیم کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔