ملک کو استحکام کی ضرورت ہے، انتشار کی نہیں،عثمان بزدار


لاہور(صباح نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ملک کو استحکام کی ضرورت ہے، انتشار کی نہیں، ترقی مخالف عناصر پراپیگنڈا کے ذریعے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے صوبائی وزیر رائے تیمور بھٹی، اراکین پنجاب اسمبلی تیمور لالی اور وارث عزیز نے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات میں سیاسی امور اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں گفتگو ہوئی،چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ترقی مخالف عناصر پراپیگنڈا کے ذریعے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے ،ہم عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور مخالفین بے بنیاد الزامات کی سیاست میں مصروف ہیں۔ ملک کو استحکام کی ضرورت ہے، انتشار کی نہیں،موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتیں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنا کر منفی سیاست کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں، عمران خان نے قوم کو عزت سے جینا سکھایا ہے۔ پوری قوم وزیراعظم عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے،27 مارچ کا جلسہ اپوزیشن کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔