لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ محنت کش اللہ تعالیٰ کا دوست ہے، لیکن مدینہ کی ریاست کے دعوے دار حکومت نے مزدوروں کے گھروں کے چولھے ٹھنڈے اور ان کے بچوں کو فاقہ کشی میں مبتلا کر دیا ہے۔ سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں مزدوروں کی رائٹ سائزنگ کے نام پر چھانٹیاں کی جا رہی ہیں جب کہ اس حکومت میں سرمایہ دار، جاگیردار، صنعتکار، آٹا، شوگر، گھی، سیمنٹ مافیاز مزدوروں کا خون نچوڑنے میں مصروف ہیں اور حکومت ان کی سرپرستی کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں ریلوے ایمپلائز پریم یونین کے ذمہ داران و عہدیداران کی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ریلوے پریم یونین کے چیئرمین ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ، صدر شیخ محمد انور، جنرل سیکرٹری خیر محمد تونیو اور امین منہاس بھی موجود تھے۔امیر العظیم نے کہا کہ پاکستان میں ووٹ دینے والے بد سے بدترین حالات کا شکار جب کہ ووٹ لینے والے پہلے سے زیادہ خوشحال نظر آ رہے ہیں۔ اپوزیشن والے جب اقتدار پر براجمان والوں کو آٹا، چینی مافیاز کہتے ہیں تو یہ بھول جاتے ہیں کہ ان کے دائیں بائیں بھی شوگر ملز، آٹا ملز مالکان ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان طبقات کے اپنے معیار زندگی تو بلند، لیکن مزدوروں اور دیگر طبقات کو روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اور ماضی کے حکمرانوں نے مزدوروں سمیت ہر طبقے کے ساتھ استحصال کیا ۔ وقت آ گیا ہے کہ عوام ان کو ووٹ کی طاقت سے شکست دیں۔ جماعت اسلامی اس ملک میں قرآن و سنت کا نفاذ کر کے حقوق اللہ اور حقوق العباد کا نصب العین عام کرے گی۔ مزدوروں کے معیار زندگی کو بلند اور ان کے حقوق کی پاسداری کرے گی۔