یوم پاکستان پرآسٹریلیا میں تقریبات کا انعقاد


سڈنی ،کینبرا(صباح نیوز)یوم پاکستان کے موقع پرآسٹریلیا کے شہروں سڈنی، میلبرن اور برسبین میں تقریبات منعقد ہوئیں۔ مرکزی تقریب پاکستان ہائی کمیشن کینبرا میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں تینوں مسلح افواج کے زیر تربیت افسران اور کیڈٹس کے علاوہ بچوں اور خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ کمیونٹی کی نمائندگی مختلف عہدیداروں نے کی تلاوت قرآن پاک کے بعد ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری نے سبز ہلالی پرچم لہرایا جس کے بعد ڈپٹی ہائی کمشنر عائشہ سعید نے صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے یوم پاکستان کے حوالے سے کمیونٹی کے نام لکھے گئے پیغامات پڑھ کر سنائے۔

ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا میں پاکستانی جس طرح اپنے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں وہ ہمارے لیے باعث فخر ہے جس کی مثال بہترین شہری کا اعزاز پانے والے محمد علی ہیں جن کو کینبرا کی حکومت ایسے ایوارڈ سے نوازا۔

انہوں نے کہا کہ 22اپریل سے قومی ایئر لائن پی آئی اے اپنا آپریشن لاہور اور سڈنی کے درمیان شروع کر رہی ہے اب فاصلے مزید سمٹ جائیں گے انشااللہ بہت جلد میلبرن اور کراچی کے لیے بھی فلائٹ شروع ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا اور پاکستان دو طرفہ تجارتی، ثقافتی اور دفاعی شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دے رہے ہیں.

تقریب کے دوران بہترین شہری کا اعزاز پانے والے محمد علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ گذشتہ دو دہائیوں سے سماجی خدمت کر رہے ہیں۔

مقامی آرٹسٹ عمیر احمد نے محمد علی کو ان کی خدمات کے صلے میں ان کو پورٹریٹ پیش کیا تقریب میں خواتین اور بچوں نے ملی نغمے پیش کیا جبکہ اقبال خان نے بھی خصوصی گیت سنایا۔