اسلام آباد(صباح نیوز) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے آج بی آئی آیس ہیڈ کوارٹرز میں ڈائنامک رجسٹری ڈیٹا شیئرنگ پروٹوکول پر ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں این ایس ای آر اور ٹیکنالوجی ونگ کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈی جی این ایس ای آر ڈاکٹر عاصم اعجاز نے سینیٹر روبینہ خالد کو بی آئی ایس پی ڈیٹا شیئرنگ پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بی آئی ایس پی اب تک 255 پبلک اور پرائیویٹ اداروں کیساتھ مستحق افراد کا ڈیٹا شیئر کرچکا ہے۔
چیئرپرسن روبینہ خالد نے کہا کہ ہمارا مقصد مستحق افراد کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنا اور مثبت تبدیلی لانا ہے۔ بی آئی ایس پی کو ادارے کی ڈیٹا شیئرنگ پالیسی کے تحت ایک شفاف انداز میں صوبائی سطح پر صحت، تعلیم اور سماجی تحفظ کے تمام اداروں کیساتھ ڈیٹا شیئر کرنا چاہیئے تاکہ وہ غریب اور ضرورت مند افراد کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف اقدامات اٹھا سکیں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے ڈیٹا شیئرنگ کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کیساتھ باہمی روابط کے قیام پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سروے کے نظام کو مزید بہتر بنانیکی ضرورت ہے تاکہ اصل حق دار کو اس کا حق مل سکے۔ انہوں نے تعلیمی وظائف پروگرام کے تحت سکولوں میں بچوں کی حاضری، 8171 پورٹل اپ ڈیٹ، کال سینٹر اور مستحق خواتین کی رہنمائی کیلئے افسران کو ہدایات دیں۔