اسلام آباد (صباح نیوز)سینیٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر اورسینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کی چیئرپرسن شیری رحمان نے کہا ہے کہ نااہل سرکار کو معلوم ہو چکا ہے کہ ان کا مینڈیٹ ختم ہو چکا ہے۔ ان کا منصوبہ اب عدم اعتماد میں تاخیری حربے استعمال کرنا ہے۔ حکومت وزیراعظم کو بچانے کے لئے ہر ماورائے آئین آپشن استعمال کرنے کے لئے تیار ہے۔ وزیراعظم اور وزرا کے اشتعال انگیز بیانات ملک میں انتشار پیدا کر رہے۔
ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ارکان قومی اسمبلی کو آرڈیننس کے ذریعے اور ووٹ سے پہلے نااہل کرنے کے منصوبے ماورائے آئین ہیں۔کوئی بھی تاخیری حربہ اس حکومت کو بکھرنے سے نہیں بچا پائے گا۔ حکومت جتنے دن عدم اعتماد میں تاخیر کرے گی اتنے ہی زیادہ ارکان سے محروم ہو گی۔حکومت مضبوط ہے تو پارلیمان میں اکثریت دکھائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماورائے آئین اقدامات اٹھانے، دھاوا بولنے اور دھمکیاں دینے سے کشیدگی میں اضافہ ہوگا، آپ عدم اعتماد سے بچ نہیں پائے گے۔ تحریک انصاف اب تحریک انتشار بن چکی ہے۔ حکومت نے سندھ ہاؤس پر حملہ کرنے والوں کو شخصی ضمانت پر رہا کرا دیا۔ حکومت کی جانب سے حملہ آوروں کا دفاع قابل مذمت ہے۔